ملتان: ایڈیشنل چیف سیکرٹری (اے سی ایس) جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اُس ویڈیو کا فوری نوٹس لیا ہے جس میں اسکول کے طلبہ کو ایک ٹوٹے ہوئے اور خستہ حال لکڑی کے پل سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جو ان کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا تھا۔ ویڈیو میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ پل کا ایک حصہ ٹوٹ چکا ہے اور اس کی فوری مرمت نہایت ضروری ہے، بصورتِ دیگر کسی بھی بچے کے نہر میں گرنے کا خدشہ موجود تھا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت جاری کی کہ پل کی مرمت کا کام چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی سلامتی، خصوصاً طلبہ کا تحفظ، حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی ہدایات موصول ہونے کے فوراً بعد اسسٹنٹ کمشنر اور ان کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور مرمتی کام کا آغاز کر دیا۔ پل کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تاکہ طلبہ اور مقامی آبادی کے لیے محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔ فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کی حفاظت جنوبی پنجاب انتظامیہ کی ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مفاد سے متعلق ہر معاملے پر فوری اور فعال ردعمل یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا، “بچوں کا تحفظ اور شہریوں کو محفوظ بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے، اور ہم اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اُٹھاتے رہیں گے