اسلام آباد :  وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ  جادوٹونے  سے نہیں ملک  محنت  سے ترقی کرےگا، دہشت گردی  اور  معاشی ترقی کی کاوشیں  ساتھ نہیں چل سکتیں۔  افواج کی قربانیوں کا مذاق اڑائیں گے تو کون پاکستان کی عزت کرےگا۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کا اطہار وفاقی دارالحکومت میں علماء کنونشن سے خطاب میں  کیا، کنونشن میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی ۔ ’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  قوم میں یکجہتی کی فضاء قائم ہونے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کی معیشت آج تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، افواج کی قربانیوں کا مذاق اڑائیں گے تو کون پاکستان کی عزت کرےگا۔  افواج پاکستان کے خلاف زہر آلود پراپیگنڈا کیا جائے تو فوج کا دفاع کرنا حکومت اور علما ءکرام سمیت سب کی ذمہ داری  ہے،  معرکۂ حق میں عظیم فتح حاصل ہوئی، معرکۂ حق میں قوم کی دعائیں قبول ہوئیں،  افواج کے ہر سپاہی کی معرکۂ حق میں بے مثال کاوشیں شامل ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم  منیر نے بھارت کے خلاف جنگ کو  جرأت  سے لیڈ کیا، مسلح افواج کی جرأت  اوربہادری سے دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے سیاسی وعسکری قیادت نے کردار ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ پرستی کا خاتمہ ضروری ہے، اب  بھی بعض مکاتب فکر کے لوگ کہتے ہیں اس مسجد میں اس کے  پیچھے نماز  نہیں پڑھ سکتے، خوارج کے حملوں میں معصوم پاکستانی شہید ہو  رہے ہیں، شہداء نے جان قربان کرکے کئی بچوں کو  یتیم ہونے سے بچالیا۔