نئے صوبوں کیلئے قانون سازی ناگزیر، حکومت انتظامی بنیادوں پر آئینی ترمیم کرے: راؤ عبدالقیوم شاہین
ملتان: تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے سپریم کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی مرضی کے قوانین پر مشتمل چھبیسویں اورستائیسویں آئینی ترمیم تومنظور کر لی ہیں۔مگر نئے صوبوں کے قیام کیلئے کوئی قانون سازی نہیں کی گئی۔ملک کے مختلف خطوں سے علیحدہ صوبوں کے قیام کے مطالبے جوں کے توں ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ حکومت لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ خالصتاًانتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کیلئے بھی آئینی ترمیم منظور کرے۔سپریم کونسل کے اجلاس میں مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری شہزاد فیصل ارائیں،مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات راؤ عارف رضوی نے شرکت کی۔اس موقع پر مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لسانی بنیادوں پر صوبے کا قیام خطے میں انتشار کا باعث ہوگامگر تحریک صوبہ ملتان محبتوں کے امین اس خطے کو کسی بھی انتشار کا شکار نہیں ہونے دے گی۔لہذا باہمی امن اورمحبت کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامی بنیادوں پر صوبہ ملتان کا قیام ناگزیر ہے۔ملتان صدیوں سے امن کا گہوارہ رہا ہے،جہاں پر صوفیاء کرام نے پوری انسانیت کیلئے محبت کی خوشبو کو عام کیا۔آج بھی اس خطے کی پہچان ملتان ہی ہے،اورملتان کے نام سے ہی صوبے کا قیام بھی ہر نسل اورزبان بولنے والوں کیلئے قابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی کھیل تماشے نے صوبے کے ایشو کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،آسمان کی بلندیوں پر پہنچی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا اجیرن کردیا ہے۔مگر تحریک صوبہ ملتان اپنے مقصد کی جانب محو سفر ہے اوروہ وقت دور نہیں جب اپنا حق صوبہ ملتان لے کررہیں گے۔اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کیلئے جلد ہی تحریک صوبہ ملتان کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس بلائیں گے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔









































Visit Today : 32
Visit Yesterday : 608
This Month : 9455
This Year : 57291
Total Visit : 162279
Hits Today : 508
Total Hits : 773665
Who's Online : 4






















