ملتان(صفدربخاری سے) خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے گورنمنٹ ڈگری کالج آف اسپیشل ایجوکیشن، ملتان میں ایک شاندار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ، معزز مہمانوں اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔سپیشل بچوں نے عالمی یومِ معذوری کے حوالے سے اشاراتی زبان میں تقاریر کیں، پرنسپل ادارہ ہذا میڈم حمیرا فاروق ہاشمی نے کہا کہ خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانا ناگزیر ہے۔ وہ کسی بھی صورت معاشرے کا کمزور طبقہ نہیں بلکہ مناسب سہولیات اور حوصلہ افزائی کے ساتھ نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں خصوصی افراد کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی کے لیے ایسے پروگرام نہایت اہمیت رکھتے ہیں تاکہ انہیں اعتماد اور حوصلہ فراہم کیا جا سکے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے یہ ادارہ ہمیشہ کی طرح اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس مقصدِ عظیم کے حصول کے لیے خصوصی افراد کی شمولیت پر زور دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ادارہ پرعزم ہے کہ وہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں سے پوری طرح فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی علم، ادب اور آرٹ سے دلچسپی کو ضلعی اور صوبائی سطح پر نمایاں کر سکے۔ حکومتِ پنجاب کی طرف سے خصوصی افراد کے لیے شروع کیے جانے والے ٹریننگ پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ہمہ گیر تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے اساتذہ اور عملے کی محنت کو سراہا جو خصوصی طلباء کی تعلیمی اور ذاتی نشوونما کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج انتظامیہ خصوصی طلبہ کی تعلیم و تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور مستقبل میں بھی ایسی صحت مند سرگرمیاں جاری رہیں گی۔تقریب میں طلبہ نے خصوصی افراد کی صلاحیتوں، حقوق اور معاشرتی شمولیت کو اجاگر کرتے ہوئے تقاریر، ٹیبلوز، ملی نغمے اور دیگر ہمہ جہت پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔نظامت کے فرائض پروفیسر نادیہ نے سرانجام دئیے