ممبئی: بھارتی ڈراموں کے مشہور اداکار اور بگ باس کے سابق کھلاڑی علی گونی نے ہندو انتہا پسندوں کے سامنے ڈٹ جانے والی مسلم باحجاب طالبہ کو ’’شیرنی‘‘ قرار دے دیا۔گزشتہ روز بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک کالج میں ایک نہتی باحجاب طالبہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ جس میں حجاب میں ملبوس طالبہ کالج میں جیسے ہی داخل ہوتی ہے درجنوں انتہاپسند ہندو طلبا گلے میں زعفرانی رنگ کا مفلر پہنے طالبہ کو ہراساں کرتے ہیں اور ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہیں۔ لیکن طالبہ ان انتہاپسندوں سے ڈرنے کے بجائے جواب میں نعرہ تکبیر بلند کرتی ہوئی کالج کی عمارت کی جانب بڑھتی ہے۔