اساتذہ کرام سرکاری سکولوں پر والدین کا اعتماد بحال کریں، سرکاری سکول بچوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں: ڈاکٹر نثار احمد چوہدری
ملتان: ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلبز انٹرنیشنل 305 این ون پاکستان ڈاکٹر نثار احمد چوہدری نے کہا ہے کہ سرکاری سکول بچوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ اساتذہ کرام سرکاری سکولوں پر والدین کا اعتماد بحال کریں تاکہ پاکستان کے ہر بچے کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔ ریاست تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے تو اس سے معاشرے میں غربت، جہالت اور مایوسی کا خاتمہ ہوگا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکول قطب پور، مرکز لاڑ میں مقامی زمیندار و صنعت کار، سابق ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلبز 305 این ون پاکستان میاں شکیل ارائیں کی جانب سے 60 مستحق طلبہ میں یونیفارم اور اسٹیشنری کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملتان راؤ شمشاد علی، سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد، ٹرینر انٹرنیشنل نصراللہ چوہدری، شہزاد اسلم ارائیں زون چیئرمین، زین قریشی زون چیئرمین، زوہیب چوہدری ڈسٹرکٹ چیئرپرسن، عمران رضا جعفری ڈسٹرکٹ چیئرپرسن، ڈپٹی ڈی ای او تحصیل صدر ملتان راؤ شاہ محمد، اے ای او مرکز لاڑ چوہدری محمد نعیم، سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چک 14 فیض ظفر خان بابر، ہیڈ ماسٹر سکول ہذا ملک رمیض احمد ارائیں اور رائے خالد محمود سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ سابق ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلبز میاں شکیل ارائیں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اداروں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول قطب پور علاقہ کا ایک بہترین سرکاری سکول ہے۔ اس ادارے کے بچوں کو مستقل بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سکول کی بیوٹیفکیشن، واش رومز میں ٹائلز اور شجرکاری پر فوری کام کا آغاز کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں بچوں کے لیے مزید یونیفارم، جرسیاں اور بند شوز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حفظانِ صحت پروجیکٹ کا بھی جلد آغاز کریں گے۔ سینیئر سماجی رہنما و ماہر تعلیم میاں نعیم ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں کو ایک رول ماڈل کا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ غریب بچوں کے لیے حصولِ تعلیم کو ممکن بنایا جا سکے۔ ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز ملتان راؤ شمشاد علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں نئی تعلیمی اصلاحات کے تحت سرکاری سکولوں میں معیارِ تعلیم بہتر ہوگا اور شرحِ خواندگی میں اضافہ ہو گا۔ والدین اعتماد کریں، انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی ڈی ای او تحصیل صدر ملتان راؤ شاہ محمد نے کہا کہ موجودہ حکومت سرکاری تعلیمی اداروں خصوصاً پرائمری ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، لہٰذا تعلیمی ترقی کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔







































Visit Today : 195
Visit Yesterday : 587
This Month : 4096
This Year : 32524
Total Visit : 89313
Hits Today : 584
Total Hits : 217469
Who's Online : 4



























