ملتان (بیورورپورٹ) ملتان میں میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کی جانب سے ایک پروقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس کی صدارت مرکزی صدر عمر فاروق نے کی۔ تقریب میں تنظیمی عہدیداران، سرپرست حضرات اور کثیر تعداد میں میڈیا مالکان نے شرکت کی، جس سے ماس کی فعالیت اور بڑھتی ہوئی مقبولیت کا بھرپور اظہار ہوا۔ تقریب میں سرپرستِ اعلیٰ حنیف چوہان، سرپرست خلیل بھٹی، چیئرمین ملک امجد سعید تھہیم، وائس چیئرمین منیر شاہین، سینئر نائب صدر میاں مقصود احمد، نائب صدر صفدر علی بخاری، سیکرٹری فنانس اظہر ہاشمی، سیکرٹری جنرل ساوتھ پنجاب ملک رضوان اعوان سمیت کور کمیٹی کے اہم ممبران پروفیسر ڈاکٹر سید افتخار گیلانی، احتشام مرزا، سعید افضل، شہزاد خان، فاروق ثانی اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کا اہم ترین لمحہ اس وقت سامنے آیا جب ڈیجیٹل اور پرنٹ میڈیا کے نمایاں مالکان — ندیم کاظمی، راجو برکت اور اظہر اشفاق — نے میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ ان کی شمولیت کو تنظیم کی بڑھتی ہوئی طاقت اور میڈیا انڈسٹری میں اتحاد کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ماس کی قیادت نے نئے ارکان کا بھرپور خیر مقدم کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تمام میڈیا مالکان کے مسائل کو مشترکہ حکمتِ عملی کے ساتھ حل کرتے رہیں گے۔ قائدین نے کہا کہ میڈیا اونرز سوسائٹی نہ صرف میڈیا اداروں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے بلکہ جدید میڈیا چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی متحد آواز بن کر سامنے آ رہی ہے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں ممبران نے باہمی تعاون اور آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔