بدل رہا ہے ملتان

تحریر: میاں نعیم ارشد

ملتان کا شمار دنیا کے قدیم ترین شہروں میں ہوتا ہے، جسے علم و ادب، اپنی تہذیب و ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے لحاظ سے ہمیشہ منفرد مقام کا حامل رہا ہے۔ آبادی میں اضافے کے سبب شہر کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ شہرِ ملتان ترقی کی جانب گامزن ہے، مگر اس کے بنیادی مسائل میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ناقص سیوریج سسٹم، تجاوزات کی بھرمار، بے ہنگم ٹریفک، سڑکوں کی کشادگی و تعمیر و مرمت جیسے مسائل سے شہری دوچار ہیں۔ اندرونِ شہر کے سات دروازوں کو اپنی اصلی حالت میں دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملتان کی حقیقی پہچان کو اجاگر کیا جا سکے۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں ملتان کی ترقی کے لیے ہمہ وقت کوشاں نظر آتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں جو ہمیشہ اپنی عملی جدوجہد پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔
جدید ملتان کی جانب ملتان ایوینیو ایک تاریخی اور بے مثال منصوبہ ہے، جو اہالیانِ ملتان کے لیے وزیرِاعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا بہترین تحفہ ہے۔ یہ عظیم منصوبہ ملتان شہر کی خوبصورتی، شہریوں کے لیے سفری سہولیات، اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
جدید شاہراہ ملتان ایوینیو سے شہر میں جدید طرزِ تعمیر، محفوظ ٹریفک نظام اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ 5 نومبر کو کمشنر ملتان ڈویژن جناب عامر کریم خاں نے چوک سیداں والہ سے سہو چوک تک 9 کلومیٹر طویل اسٹیٹ آف دی آرٹ ملتان ایوینیو کی تعمیر کا سنگِ بنیاد اپنے دستِ مبارک سے رکھا۔
منصوبے پر 2 ارب اسی کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، اور یہ منصوبہ چار ماہ کی محدود مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ سینٹرل میڈین کو ڈسٹ فری بنانے کے لیے گرین بیلٹ کی بحالی اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت اسٹروم واٹر ڈرین اور سروس روڈ کے درمیان واقع دو رویہ مرکزی شاہراہ کے دونوں اطراف 14 فٹ چوڑی اور مجموعی طور پر 9 کلومیٹر طویل پٹی کو گرین پارک ویز میں تبدیل کیا جائے گا۔ چونکہ یہ دو رویہ سڑک ہے، اس لیے تقریباً 18 کلومیٹر طویل اور 14 فٹ چوڑی درمیانی پٹی کو بھی گرین پارک ویز کی شکل دی جائے گی۔
برسات کے موسم میں پانی کی نکاسی کے لیے جدید اسٹورم واٹر ڈرینج سسٹم تعمیر کیا جائے گا، جو سیلابی پانی کے بہاؤ کو منظم کر کے سڑک کی پائیداری کو یقینی بنائے گا۔ عوامی سہولت اور ٹریفک کے بوجھ کی تقسیم کے لیے سڑک کے دونوں اطراف 16 فٹ کشادہ سروس روڈ تعمیر کی جائے گی، تاکہ مقامی آمد و رفت مرکزی شاہراہ سے علیحدہ رہے۔
ملتان ایوینیو پر 260 نئی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی، جن سے شاہراہ کی خوبصورتی اور سیکیورٹی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ موجودہ ڈبل کیرج وے کو جدید تقاضوں کے مطابق تین لائنوں پر مشتمل کشادہ شاہراہ میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہوگی۔
ملتان ایوینیو کی گرین بیلٹس یکساں نوعیت کی نہیں ہوں گی بلکہ مقام اور ضرورت کے مطابق ان میں شہری سہولت اور ماحولیاتی بہتری کو پیشِ نظر رکھا جائے گا۔ ان میں بینچز، واکنگ ٹریکس، اوپن جم، شجرکاری اور لینڈ اسکیپنگ جیسی سہولیات شامل کی جائیں گی، تاکہ یہ گرین کوریڈور نہ صرف ماحول دوست ہو بلکہ شہریوں کے لیے آرام دہ، صحت افزا اور تفریحی مرکز بھی ثابت ہو۔ منصوبے کے تحت 34 یادگاریں اور 50 سمارٹ پارکنگ ایریاز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
ملتان ایوینیو محض ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ شہرِ احیا (Urban Regeneration) کا عملی نمونہ ہے۔ یہ کہنا بجا ہوگا کہ ملتان ایوینیو ملتان شہر کے لیے ایک نئی Green Identity کی صورت میں اُبھرے گا۔
یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ملتان ایوینیو کی گراؤنڈ بریکنگ کے ساتھ ہی تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سائٹ انچارج ایس ڈی او ہائی وے ڈیپارٹمنٹ ملتان، فاطمہ خان نے بتایا کہ ملتان ایونیو کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ اس وقت ہیوی مشینری کے ذریعے تعمیراتی کام جاری ہے ۔ مٹیریل و شاہراہ کی تعمیر کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اہلیانِ ملتان کے لیے یہ موجودہ حکومت کی جانب سے ایک بہترین تحفہ ہوگا۔ پنجاب ہائی وے ملتان اور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے سیفٹی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ سفر کے دوران کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز سی ٹی او ملتان محمد کاشف اسلم نے ملتان ایونیو شاہراہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سائٹ انچارج ایس ڈی او فاطمہ خان اور انچارج ٹریفک مینجمنٹ علی حسن (ٹریفک وارڈن) نے سی ٹی او ملتان محمد کاشف اسلم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہراہ کی تعمیر کے دوران شہریوں کی آمد و رفت کے لیے سہولتوں کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے لین و لائن ڈسپلن کی پاسداری کریں اور اپنی گاڑی کی رفتار مناسب رکھیں۔
گراؤنڈ بریکنگ تقریب میں مقامی انتظامیہ کے علاوہ سابق وفاقی وزیر سید جاوید علی شاہ مشہدی، سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ طارق رشید، سابق ممبر قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر، سابق ممبر قومی اسمبلی ملک احمد حسن ڈیہڑ، سابق ایم پی اے میاں طارق عبداللہ ارائیں، ایم پی اے رانا اعجاز احمد نون، سابق ایم پی اے ملک شوکت حیات بوسن، معروف صنعت کار چوہدری ذوالفقار علی انجم، صوبائی ناظمِ اعلیٰ جماعت اہلِ سنت پنجاب علامہ مولانا محمد فاروق خان سعیدی، شاعر ادیب و اینکر پرسن شاکر حسین شاکر، سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ، ڈسٹرکٹ آفیسر اسپیشل ایجوکیشن ملتان ذیشان احمد ، میاں فرحان مجید ارائیں ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ملتان، ملک نور حسن ڈیر، کالم نگار، صحافی، تاجر برادری اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔
تقریب کے میزبان ایس ای ہائی وے غلام نبی اور ان کی ٹیم نے معزز مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا اور تقریب کو خوبصورت اور باوقار بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔