ملتان: پریذیڈنٹ کینٹ بورڈ اور کینٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ملتان، سردار عاطف سلطان کی ہدایت پر کینٹونمنٹ بورڈ کے زیر انتظام گلی محلوں، مکانات اور بازاروں میں ڈینگی کے خلاف سپرے کا عمل جاری ہے۔ممبر کینٹونمنٹ یعقوب شیرا اہل علاقہ اور سپرے ٹیم کے ہمراہ علاقوں کا دورہ کر کے نگرانی کر رہے ہیں اور شہریوں کو یقین دلا رہے ہیں کہ انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور شہری مکمل محفوظ ہیں۔یعقوب شیرا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دیں تاکہ سموگ اور دیگر ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مکانات، گلی محلوں اور عوامی مقامات پر پانی کے جمع ہونے والے مقامات کو فوری صاف کرنا ضروری ہے تاکہ مچھر اور دیگر کیڑوں کی افزائش روکی جا سکے۔ضلعی امن کمیٹی نے بھی شہریوں سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون ضروری ہے۔ انتظامیہ اور اہل علاقہ کی مشترکہ کوششوں سے شہر میں صحت، صفائی اور محفوظ ماحول قائم رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔