ملتان(صفدربخاری سے)  لاہور مینار پاکستان میں ہونے والے تاریخی اجتماع عام میں شرکت کے لیے جماعت اسلامی ضلع ملتان کے قافلے روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اجتماع عام کل سے لاہور میں شروع ہوگا جس میں ملک بھر سے ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے شمالی زون، غربی زون اور حلقہ خواتین کے قافلے کو ریلوے اسٹیشن سے رخصت کیا۔ اس موقع پر کارکنان کا جوش و جذبہ قابل دید تھا اور ہر چہرہ ایک نئی امید، نئے عزم اور بہتر مستقبل کی خواہش کو ظاہر کر رہا تھا۔ ترجمان کے مطابق ملتان سے سینکڑوں افراد کے قافلے لاہور پہنچیں گے۔ شجاع آباد کا قافلہ 20 نومبر کی رات نو بجے جبکہ جلال پور کا قافلہ دس بجے اجتماع عام کے لیے روانہ ہوگا۔ اسی طرح شرقی زون، غربی زون، جنوبی زون اور جے آئی یوتھ کا مرکزی قافلہ 21 نومبر کی صبح فجر کے بعد جامع العلوم ملتان سے روانہ ہوگا، جبکہ صدر زون کا قافلہ 21 نومبر صبح سات بجے روانہ ہوگا۔ اجتماع عام کا سلوگن بدل دو نظام ہے جو عوام کی اسی خواہش کی ترجمانی کرتا ہے کہ ملک کو موجودہ جبر، ناانصافی، مہنگائی اور بے یقینی کے ماحول سے نکال کر ایک منصفانہ اور منظم نظام کی طرف لے جایا جائے۔ کارکنان اور عوام میں غیر معمولی جوش پایا جا رہا ہے اور سب یہی سمجھتے ہیں کہ یہ اجتماع تبدیلی کی وہ پہلی کرن ہے جو ملک کے روشن مستقبل کی نوید بن سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ضلع ملتان کے ترجمان کے مطابق قافلوں کی روانگی کا سلسلہ آج اور کل بھی جاری رہے گا اور تمام قافلے لاہور میں ہونے والے اجتماع عام میں بھرپور طور پر شرکت کریں گے۔