ملتان :سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ پنجاب کی صدراورمحمد بن قاسم بلائنڈ کمپلیکس ملتان کی چیئرپرسن سعدیہ کرمانی نے کی جبکہ مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر تھے۔ اس تقریب کا مقصد بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کے حل، اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔تقریب میں پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے جنرل سیکریٹری سید فرخ حسین شاہ،سینیئر نائب صدر ظفر اقبال،جوائنٹ سیکریٹری شبیر گوہر،محمد ارشد،سعید قریشی،قاری ابراھیم،پیپلز لائرز فورم لاہور کے جنرل سیکریٹری شاہد عباس، پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے رہنماؤں مرتضی حسین،میاں عزیز چن،سماجی رہنما حنا چغتائی، راؤ عبدالقیوم شاہین، خرم شہزاد، عبداللہ قیوم راؤ، عائشہ مظہر۔عمران خان،رضوانہ تنویر خان اور رانا عرفان الاسلام سمیت متعدد سماجی اور فلاحی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ نابینا بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کرنے والے ادارے اور اساتذہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کے لیے سہولیات میں اضافہ کر رہی ہے تاکہ وہ معاشرے کے فعال اور باعزت رکن بن سکیں۔اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ پنجاب کی صدر سعدیہ کرمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفید چھڑی صرف رہنمائی کا ذریعہ نہیں بلکہ اعتماد، خود مختاری اور عزتِ نفس کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد اگر مناسب مواقع اور تربیت حاصل کریں تو وہ ہر میدان میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ نابینا افراد کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی وسائل فراہم کیے جائیں، خصوصی اسکولوں میں تربیتی پروگراموں کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے، اور سرکاری دفاتر میں ایسے افراد کے لیے آسان رسائی کے اقدامات کیے جائیں۔سعدیہ کرمانی نے مزید کہا کہ سماج میں شعور بیدار کرنا سب سے اہم فریضہ ہے تاکہ نابینا افراد کو ترس کے بجائے عزت و وقار کے ساتھ قبول کیا جائے۔اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن اف دی بلائنڈ پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید فرخ حسین شاہ نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابینا افراد کے مسائل کو اجاگر کیا۔تقریب کے اختتام پر نابینا طلبہ نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے مختلف سماجی شخصیات ایسوسی ایشن کے عہدیداروں میں یادگاری شیلڈ اور نابینا بچوں میں سفید چھڑی تقسیم کیں۔