ملتان میں بزمِ معصومیہ کی عظیم الشان “ذکرِ اولیاء کانفرنس،، ہزاروں شرکاء کی شرکت
ملتان : بزمِ معصومیہ کے زیراہتمام ریلوے لوکو شیڈ کالونی نزد چوک سدو حسام میں تاجدارِ تصوف، عظیم روحانی بزرگ الحاج حضرت خواجہ محمد معصوم نقشبندیؒ کے سالانہ عرس مبارک کی مناسبت سے ذکرِ اولیاء کانفرنس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت پیرِطریقت صوفی لیاقت علی معصومی نے کی جبکہ ملک بھر سے آئے علما، مشائخ اور عاشقانِ اولیاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر صوفی لیاقت علی معصومی، صوبائی ترجمان جماعتِ اہلِ سنت صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی، قاری فیض بخش رضوی، علامہ طاہر مہروی، مفتی خورشید صدیقی، پیر عزیز رسول سیفی، صاحبزادہ حافظ زبیر معصومی، صاحبزادہ نعمان علی معصومی اور دیگر جید علما و مشائخ نے کہا کہ آج امت مسلمہ کی زبوں حالی کی اصل وجہ ذکرِ الٰہی سے دوری اور دنیاوی حرص و ہوس میں غرق ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیا کرام نے ہمیشہ انسانیت، محبت، امن، رواداری اور اخوت کا پیغام دیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ “انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ علماء نے اپنے خطابات میں کہا کہ حضرت خواجہ محمد معصوم نقشبندیؒ نے زندگی بھر اخوت، برداشت، بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کی جدوجہد کی۔ آپ کے دربار سے جو پیغام نکلا اس نے ہمیشہ نفرتوں کو محبت میں بدلا اور ٹوٹے دلوں کو جوڑا۔ مقررین نے کہا کہ آج کے دور میں جب معاشرہ بے سکونی، بے چینی اور انتشار کا شکار ہے، ایسے میں اولیاء اللہ کی تعلیمات دلوں کو سکون اور معاشرے کو استحکام بخش سکتی ہیں۔ اس موقع پر نماز کی اہمیت اور صوفیاء کی صحبت کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیا کہ قرآنِ مجید میں سب سے زیادہ تاکید نماز پر کی گئی ہے۔ “نماز دلوں کو نور دیتی ہے اور اولیاء اللہ کی صحبت کردار کو مضبوط بناتی ہے”۔ کانفرنس میں صوفی منیر احمد، خلیفہ صدیق، صوفی افتخار حسین معصومی، صوفی رانا اقبال الطافی، صوفی مرزا افضال حسین الطافی، ڈاکٹر سمیع، محمد حسین آزاد، صوفی نثارالحسن معصومی، صوفی اختر شاہ، پیر چشتی صابری سمیت مختلف شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ معروف ثناء خواں شہباز سکندر قادری اور صوفی احسان لڈو معصومی نے نعت خوانی کے ذریعے روحانی کیف و سرور کی فضا قائم کی۔ شرکاء دیر تک وجدانی کیفیت میں سرشار رہے۔ نظامت کے فرائض صوبائی ترجمان جماعت اہل سنت، پیر طریقت صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی نے نہایت پروقار انداز میں سرانجام دیے۔ کانفرنس کے اختتام پر پیر صوفی لیاقت علی معصومی نے پاکستان کی سلامتی، ترقی، مسلم اُمہ کے اتحاد، دہشت گردی کے خاتمے، افواجِ پاکستان کی کامیابی، فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور عالم اسلام کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔اور دعا کے بعد شرکاءمیں لنگر عام ہوا۔










































Visit Today : 189
Visit Yesterday : 608
This Month : 9612
This Year : 57448
Total Visit : 162436
Hits Today : 8098
Total Hits : 781255
Who's Online : 3






















