بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کی حدود میں توسیع، نئے امکانات کی نوید
بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کی حدود میں توسیع، نئے امکانات کی نوید
عبدالروف مان
پنجاب اسمبلی نےچند روز قبل ایک اہم اور دور رس اثرات رکھنے والا بل منظور کیا ، جس کے تحت
بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی حدود کو صرف ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن تک محدود رکھنے کے بجائے پورے پنجاب تک بڑھا دیا گیا ، بعدازاں اس حوالے سے پنجاب اسمبلی نے جامعہ زکریا کے ترمیمی ایکٹ 2025ءکی بھی باقاعدہ منظوری دے دی ،جامعہ زکریا کو جنوبی پنجاب کی سب سے پہلی اور بڑی دانش گاہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے،تاہم ایک عرصہ سے وسیب کی یہ بڑی درسگاہ امتیازی سلوک کا شکار چلی آرہی تھی، 1975ء میں پنجاب اسمبلی سے مظور ہونے والے ایکٹ کے تحت جامعہ زکریا کی حدود میں ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن شامل تھا،اس حوالے سے جامعہ زکریا مذکورہ بالا تینوں ڈویژنوں میں موجود سرکاری ونجی کالجز کو اپنے ساتھ نہ صرف الحاق کی سہولت فراہم کرسکتی تھی بلکہ جنوبی پنجاب کے بڑے شہروں میں اپنے سب کیمپس بھی کھول سکتی تھی،تاہم اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور قائم ہونے کے بعد جامعہ زکریا کی حدود سکڑ کر ملتان اور ڈیرہ غازی خان تک محدود ہوگئی،2008ء میں ساہیوال جو کہ ملتان ڈویژن کا ایک ضلع تھا اس کو ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا،یوں جامعہ زکریا کی حدود سے مزید تین اضلاع ساہیوال ،پاکپتن اور اوکاڑہ بھی نکل گئے،یوں جامعہ زکریا کی حدود مزید سکڑگئی، جامعہ زکریا کے ساتھ المیہ یہ بھی رہا کہ2000ء کے بعد سے پنجاب میں جو 21نئی سرکاری جامعات قائم کی گئیں ان کی حدود میں پورا پنجاب شامل کیا گیا، لیکن جامعہ زکریا کی حدود صرف ملتان اور ڈیرہ غازی تک محدود رکھی گئی،دلچسپ بات دیکھیے کہ اس کا ایک الحاق شدہ ایمرسن کالج نہ صرف اپ گریڈ ہوکر یونیورسٹی بن گیا بلکہ اس کی حدود کو بھی دیگر جامعات کی طرح پورے پنجاب تک وسعت دے دی گئی اگرچہ جامعہ زکریا کی جانب سے گزشتہ چار برسوں سے حدود میں اضافہ کیلئے کوششیں کی جارہی تھیں ،لیکن بات نہیں بن پا رہی تھی ،لیکن پھر موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال اور ان کی ٹیم نے ایک بار پھر جامعہ زکریا کی حدود میں اضافہ کئے جانے کا بیڑا اٹھایا،جس کے بعد چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ایم پی اے سید علی حیدر گیلانی نےاس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں بل پیش کیااور منظور کرایا ،اگر ہم اس کو گیلانی خاندان کا جامعہ زکریا پر دوسرا بڑ احسان سمجھیں تو کچھ غلط نہ گا،اس سے قبل سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے وزارت عظمیٰ کے دور میں جامعہ زکریا کو 100 پی ایچ ڈی فارن سکالر شپ دیے تھے،یہ ایک وقت میں کسی بھی یونیورسٹی کو پی ایچ ڈی سکالرشپ دیئے جانے کی شائد سب سے بڑی تعداد تھی، پنجاب اسمبلی کا جامعہ زکریا کی حدود میں اضافہ کیے جانے کا فیصلہ محض ایک انتظامی ترمیم نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی تعلیمی درسگاہ کے لیے نئے افق اور امکانات کی نوید ہے،زکریا یونیورسٹی، جو 1975ء میں اپنے قیام سے اب تک جنوبی پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کی بنیاد سمجھی جاتی ہے، اب پورے صوبے میں اپنے ذیلی کیمپس، ریسرچ سینٹرز اور افیلی ایٹڈ کالجز کے جال بچھانے کی مجاز ہو گئی ہے، اس تبدیلی سے یونیورسٹی کی علمی و مالی دونوں حیثیتیں مضبوط ہوں گی، ماہرین تعلیم کے مطابق اس توسیع کے نتیجے میں جامعہ زکریا کو سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے، جو نہ صرف بجٹ خسارہ کو کم کرنے بلکہ یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں، تحقیقی سرگرمیوں اور فیکلٹی کے معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی، اب جامعہ زکریا کو بھی موقع ملے گا کہ وہ تعلیمی میدان میں مساوی نمائندگی حاصل کرے اور جنوبی پنجاب کے علمی کردار کو صوبائی نقشے پر مزید نمایاں کرے،یونیورسٹی انتظامیہ کے لیے یہ ایک چیلنج بھی ہے اور موقع بھی، چیلنج اس لیے کہ دائرہ کار کی توسیع کے ساتھ انتظامی معاملات، فیکلٹی کی فراہمی، نصاب کی ہم آہنگی اور مالی شفافیت جیسے معاملات کو زیادہ منظم طریقے سے چلانا ہو گا، اور موقع اس لیے کہ اب زکریا یونیورسٹی تحقیق، انوویشن اور تدریس کے ایسے منصوبے شروع کر سکتی ہے جو پہلے علاقائی حدود کے باعث ممکن نہ تھے،یہ اقدام نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے جنوبی پنجاب کے لیے تعلیمی شناخت کا باعث بنے گا بلکہ اس خطے کے طلبہ اب اپنی مادرِ علمی کو صوبے کے مرکزی تعلیمی نیٹ ورک میں دیکھیں گے،اگر حکومت اس فیصلے کے بعد عملی اقدامات بھی کرے ،جیسے فنڈز میں اضافہ، فیکلٹی کی تربیت، اور ریسرچ گرانٹس کی فراہمی تو زکریا یونیورسٹی نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں ایک ریسرچ بیسڈ ماڈل یونیورسٹی کے طور پر ابھر سکتی ہے،آخر میں یہ کہنا بجا ہے کہ ’’علم کی وسعتیں ہمیشہ اُن اداروں کو ملتی ہیں جو اپنے دروازے کھلے رکھتے ہیں اور زکریا یونیورسٹی نے اب واقعی پورے پنجاب کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔










































Visit Today : 190
Visit Yesterday : 608
This Month : 9613
This Year : 57449
Total Visit : 162437
Hits Today : 8109
Total Hits : 781265
Who's Online : 3






















