ملتان : روشنی ویلفیئر آرگنائزیشن، کوئیکا (KOICA) اور واسا ملتان کے باہمی اشتراک سے ایم سی سکول ٹیموں والی کھوئی میں شہری سیلاب سے بچاؤ اور پانی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، پروگرام میں علاقے کے بڑی تعداد میں عوام، معززینِ علاقہ، اساتذہ اور طلبا نے شرکت کی، تقریب کے مہمانِ خصوصی کوئیکا کے منیجر کم یانگ اور واسا ملتان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریحان گل تھے، اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد زاہد ظہور نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ،انہوں نے بتایا کہ کوئیکا واسا کے تعاون سے شہری سیلاب کے نقصانات میں کمی اور عوامی آگاہی کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کر رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ، ملتان میں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ایک بڑا ٹینک تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ پانی کو ری یوز اور قابلِ استعمال بنایا جا سکے، کم یانگ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر شہری مسائل کا حل ممکن نہیں ، ریحان گل نے واسا کی کارکردگی، منصوبہ بندی اور شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شرکاء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دئیے ، پروگرام کے دوسرے حصے میں ڈاکٹر زاہد ذوالفقار نے شہری سیلاب کی وجوہات، اثرات اور بچاؤ کے عملی اقدامات پر ایک مفصل پریزنٹیشن پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ اس قسم کے پروگرامز سے عوامی شعور میں اضافہ ہوتا ہے اور مستقبل میں مزید ایسے آگاہی سیشنز منعقد کیے جانے چاہئیں، تقریب کے اختتام پر رانا ذوالفقار نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور واسا کی خدمات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کے اعزاز میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔