ڈینگی کی سنگین صورتحال، انتظامیہ غفلت کی مرتکب ،،، سرائیکی راہنما مہر مظہر عباس کات کا شدید ردعمل
ملتان: سرائیکی راہنما مہر مظہر عباس کات نے ملتان میں ڈینگی کے تیزی سے پھیلاؤ پر ضلعی و شہری انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان شہر میں ڈینگی کی صورتحال خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے، لیکن انتظامیہ کی جانب سے مناسب اور بروقت اقدامات نہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مہر مظہر عباس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے چند ماہ قبل ڈینگی کنٹرول کے لیے کام کرنے والے تقریباً 500 تجربہ کار ملازمین کو بحال کیا تھا، جو گزشتہ دس سالوں سے ڈینگی اسپرے اور لاروا کنٹرول کے حوالے سے عملی تجربہ رکھتے تھے۔ تاہم ملازمین کی بحالی کے باوجود انہیں تاحال کسی بھی محکمے میں مؤثر طور پر ایڈجسٹ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس کے برعکس ڈینگی مہم کی ذمہ داریاں مختلف محکموں کے غیر تربیت یافتہ چپڑاسیوں اور کلاس فور عملے کو دے دی گئی ہیں، جنہیں نہ لاروا کی شناخت کا علم ہے اور نہ اسپرے کی تکنیکی تربیت حاصل ہے۔ راهنما نے کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف انتظامی ناکامی کی عکاس ہے بلکہ شہریوں کی صحت و جان کو براہِ راست خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا “ڈینگی کے انسداد میں تربیت یافتہ و تجربہ کار عملے کی شمولیت ناگزیر ہے۔ اگر خدا نہ کرے ڈینگی کے باعث شہر میں جانی نقصان میں اضافہ ہوا، تو اس کی تمام تر ذمہ داری ملتان انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ مہر مظہر عباس کات نے واضح اعلان کیا کہ اگر فوری طور پر موثر حکمتِ عملی نہ اپنائی گئی اور تجربہ کار ڈینگی ورکرز کو بحال کر کے فیلڈ میں نہیں اتارا گیا، تو وہ سرائیکی وسیب کے عوامی و سماجی نمائندوں کے ساتھ مل کر سخت ترین احتجاج کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری ایکشن پلان بنانے، اسپرے مہم تیز کرنے، ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز فعال رکھنے اور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔










































Visit Today : 190
Visit Yesterday : 608
This Month : 9613
This Year : 57449
Total Visit : 162437
Hits Today : 8102
Total Hits : 781259
Who's Online : 3






















