مبلغ اسلام حضرت خواجہ محمد معصوم پیر آف موہری شریف کا عرس مذہبی عقیدت و روحانی احترام کے ساتھ ملتان میں منایا جائیگا
ملتان : بزمِ معصومیہ پاکستان کے زیر اہتمام عالمی مبلغِ اسلام، شیخِ طریقت، تاجدارِ تصوف حضرت خواجہ محمد معصوم پیر آف موہری شریفؒ کے 32ویں سالانہ عرسِ مبارک کی مرکزی تقریب آج بروز اتوار صبح دس بجے نہایت تزک و احتشام کے ساتھ المعصوم ہاؤس، ریلوے لوکوشیڈ کالونی، زیلوے روڈ، نزد چوک سدو حسام میں منعقد ہوگی۔ تقریب کی صدارت پیرِطریقت حضرت خواجہ صوفی لیاقت علی معصومی نقشبندی فرمائیں گے۔ ملک بھر سے نامور علماء، مشایخ، قرّاء، ثناء خواں، مریدین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، جو اس عظیم روحانی اجتماع کو مزید وقار بخشے گی۔ عرس کی نشست میں حضرت خواجہ محمد معصومؒ کی پُرانوار زندگی، ان کی ہمہ گیر دینی جدوجہد، اتحادِ بین المسلمین کے فروغ کے لیے ان کی لازوال کوششوں، دنیا بھر میں تبلیغِ اسلام کے سلسلے میں ان کی دور رس خدمات اور ان کی روحانی و علمی شخصیت کے درخشندہ پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ شرکاء حضرت کے روح پرور اثرات، ان کی اخلاقی تربیت، اصلاحِ احوالِ امت، محبتِ رسول ﷺ کی ترویج اور تصوفِ ناب کی اشاعت پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ تقریب کی نظامت جماعتِ اہلِ سنت پاکستان صوبہ پنجاب کے ترجمان اور درگاہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ نوابیہ معصومیہ موہری شریف کھاریاں کے ترجمان پیرِ طریقت صاحب زادہ ذیشان کلیم معصومی الطافی کے سپرد ہوگی، جو روایتی ادب و احترام کے ساتھ کارروائی آگے بڑھائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز پاکستان، افواجِ پاکستان، عالمِ اسلام، غزہ و فلسطین، کشمیر اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و استحکام کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی جائے گی، جبکہ زائرین کے لیے لنگرِ عام کا وسیع اہتمام بھی ہوگا۔










































Visit Today : 190
Visit Yesterday : 608
This Month : 9613
This Year : 57449
Total Visit : 162437
Hits Today : 8176
Total Hits : 781332
Who's Online : 4






















