ملتان : گورنمنٹ گریجوایٹ کالج آف کامرس ملتان اور ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے اشتراک سے پرنسپل ادارہ پروفیسر استخار حسین کے اعزاز میں ریٹائرمنٹ کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ جنوبی پنجاب سرفراز احمد تھے،جبکہ مہمانانِ اعزاز میں ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر فرید شریف فاروقی اور ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن پروفیسر طاہر سلطان خان شامل تھے، یہ تقریب اپنی نوعیت کی منفرد تقریب تھی، کیونکہ ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ جنوبی پنجاب میں گریڈ 20 کے افسر کی ریٹائرمنٹ سے قبل پنشن اور دیگر مراعات کی منظوری کا یہ پہلا ماڈل کیس تھا، جسے ایک مثبت اور مثالی روایت کے طور پر سراہا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری سرفراز احمد نے کہا کہ وہ اس روایت کو برقرار رکھیں گے اور ریٹائر ہونے والے افسران کو بروقت ان کے پنشن واجبات کی منظوری ملے گی، انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی مشکلات کا حل اور ان کے مسائل کو آسان بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر فرید شریف فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پروفیسر استخار حسین نے اپنی سروس کے دوران اعلیٰ کارکردگی، دیانت اور خلوص کے ساتھ محکمانہ فرائض انجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماڈل کیس ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، اور اللہ کے فضل سے جنوبی پنجاب کارکردگی کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن پروفیسر طاہر سلطان خان نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر کے لیے اس سے بڑی اطمینان کی بات نہیں ہو سکتی کہ وہ صحت مند اور باوقار انداز میں اپنی سروس مکمل کرے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ریٹائرمنٹ تقریبات کو سرکاری سطح پر باعزت انداز میں منانے کی روایت قائم رکھی جائے گی تاکہ اساتذہ کو ان کے مقام و مرتبے کے مطابق عزت دی جا سکے۔تقریب سے ڈائریکٹر کالجز ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر خادم حسین، ڈائریکٹر کالجز بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر شرافت علی نے بھی خطاب کیا اور پروفیسر استخار حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر رئیسِ ادارہ پروفیسر استخار حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ اسی ادارے سے طالبعلم کے طور پر وابستہ ہوئے، بعدازاں معلم بنے اور اب پرنسپل کی حیثیت سے ریٹائر ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کی ترقی میں صرف ایک فرد نہیں بلکہ پوری ٹیم کا کردار ہوتا ہے، اور وہ اپنے تمام اساتذہ و ملازمین کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد عظیم، ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پروفیسر محمد سلمان بھٹی، سیکشن افسر ہائر ایجوکیشن زاہد عباس ملک، سیکشن افسر جنرل پروفیسر عامر ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی بی آئی پروفیسر عدنان احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز لودھراں پروفیسر شرجیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز وہاڑی پروفیسر ملک مشتاق ریحان، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خانیوال پروفیسر حافظ تاج دین، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملتان پروفیسر احمر رؤف بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سیکریٹریٹ، ڈی پی آئی آفس اور ڈائریکٹوریٹ کے افسران کے علاوہ ضلع ملتان کے مردانہ و زنانہ کالجز کے پرنسپل صاحبان کی بڑی تعداد موجود تھی ، آ خر میں کامرس کالج کے اساتذہ و ایڈمن افسران صغیر عباس، ظفر نزیر، رانا ظاہر حسن، پروفیسر گلشاد ظفر، پروفیسر ڈاکٹر فاروق اقبال, پروفیسر شبیراحمد ،پروفیسر بلال فاروقی پروفیسر ڈاکٹر حیدر سرور، پروفیسر نور اللہ شفیق کو شاندار کارکردگی پر تعریفی سرٹیفیکیٹس اور شیلڈز سے نوازا گیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر بلال فاروقی نے نہایت عمدگی سے انجام دیے۔