ملتان: ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے فیتہ کاٹ کرایم ڈی اے کے مرکزی دفتر میں ای بیز پنجاب فسیلیٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔تقریب میں کمشنرملتان عبدالکریم خاں، ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے راشد ارشاد سمیت سرکاری افسران بزنس کمیونٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای بیز سینٹر شہریوں اور کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا یہ سینٹر ای گورننس اور ڈیجیٹل پنجاب کے وژن کی عملی مثال ہےاور اس سہولت سینٹر کے فعال ہونے سے لوگوں کی مشکلات حل ہونگی حکومت پنجاب لوگوں کی آسانی کےلئے تمام اقدامات پبلک انٹرسٹ کےتحت ڈیجیٹل کررہی ہے تاکہ پنجاب سےکرپشن کو مکمل ختم کیاجاسکےیہ اقدامات عوامی شکایات پر لئے جارہے ہیں۔ ای پیز سہولت مرکز کے قیام سے ایم ڈی اے میں عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے اب شہری گھر بیٹھے این او سی، نقشے اور دیگر اپروولز آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای پیز پلیٹ فارم بدعنوانی اور دفتری تاخیر کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ای پیز سنٹر میں شہریوں اور کاروباری طبقہ کے لیے ایم ڈی اے کی تمام سروسز آن لائن سروسز ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ ای پیز پنجاب سہولت مرکز سے شہریوں کو وقت پیسے کی بچت اور سفر کی مشکل سے نجات مل جائے گی۔تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ای بیز کمرشل لیٹربھی ایم ڈی اے صارفین میں تقسیم کئے۔