اٹک : ملک کی معیشت کے لیے خوش آئند خبر، ضلع اٹک کے علاقے ڈھوک سلطان میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ یہ اہم دریافت پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) اور اس کے جوائنٹ وینچر پارٹنرز کی جانب سے کی گئی ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق، نئے کنوؤں سے یومیہ 1400 بیرل خام تیل، 2.5 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس اور 15 ٹن ایل پی جی گیس حاصل ہوگی۔ پی پی ایل انتظامیہ کے مطابق ڈھوک سلطان کے تین کنوؤں میں پی پی ایل کا 75 فیصد حصہ ہے، جبکہ بقیہ حصہ دیگر شراکت دار کمپنیوں کے پاس ہے۔ کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ کنوؤں سے حاصل ہونے والی قدرتی گیس سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کو جبکہ خام تیل اٹک آئل ریفائنری کو فراہم کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق ان ذخائر کی دریافت سے ملک میں توانائی بحران میں کمی، درآمدی ایندھن پر انحصار میں کمی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوگی۔ توانائی کے ماہرین نے اس پیش رفت کو ملکی خودکفالت کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔