ملتان : گزشتہ روز سرائیکستان نوجوان تحریک باہو سلطان ضلع جھنگ کے صدر علی خان نے اپنی شادی پر جھنگ روڑ پر اپنی بارات روک کر سرائیکی صوبہ کے فوری قیام کے لیے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔باراتیوں نے جھنگ روڑ پر ساڈی جند ساڈی جان سرائیکستان سرائیکستان ،جھنگ کو ڈویژن بناؤ ،احمد پور سیال ،اٹھارہ ہزاری اور شورکوٹ کو ملا کر ضلع بناؤ ۔جھنگ کو ملتان کے ساتھ شامل کرو کی فلک شگاف نعرے بازی کی۔باراتیوں نے پینا فلیکس اٹھا رکھا تھا جس پر سرائیکی صوبہ اور جھنگ کو ڈویژن بنانے کے نعرے درج تھے۔اس موقع پر سرائیکستان نوجوان تحریک کے راہنما دولہا علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  جھنگ تعلیمی،روزگار،ثقافتی،سماجی،سفری ہر طرح سے ملتان کے قریب اور صدیوں سے ملتان کا حصہ ہے ۔علی خان نے کہا کہ ہماری شورکوٹ ،اٹھارہ،ہزاری،اور احمد پور سیال تحصیلوں کو ملا کر نیا ضلع بنایا جائے اور جھنگ کو ڈویژن بناکر فوری ہمیں ملتان کے ساتھ نئے صوبہ میں شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا  ہمیں ملتان سے آؤٹ کرنے کی کوشش کی تو ہم اپنے مسقبل کے لیے بھرپور مزاحمت کریں گے انہوں نے کہا کہ جھنگ سمیت وسیب کے تمام نوجوانوں کے روزگار سمیت دیگر تمام مسائل کا حل سرائیکی صوبہ کے قیام میں ہے اس لیے سرائیکستان نوجوان تحریک چیئرمین مہر مظہر عباس کات کی قیادت میں جدوجہد کو مزید تیز کر رہی ہے مظاہرے میں باراتیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی