ملتان (بیوروچیف)  میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کے وفد نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ملتان کا مطالعاتی دورہ کیا۔ وفد کی قیادت مرکزی صدر ماس عمر فاروق نے کی، جبکہ سرپرست خلیل بھٹی، چیئرمین ملک امجد سعید تھہیم، وائس چیئرمین منیر شاہین، نائب صدر سید صفدر علی بخاری، فنانس سیکرٹری اظہر ہاشمی، جنرل سیکرٹری ساوتھ پنجاب ملک رضوان اعوان اور ممبر ماس شہباز بادل بھی وفد میں شامل تھے۔ الیکشن آفیسرز محمد مدثر اور احسن ملک نے ماس کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں الیکشن کمیشن کی کارکردگی اور نظامِ انتخاب کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر الیکشن آفیسر محمد مدثر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر نادرا سے حاصل ہونے والے نئے شناختی کارڈز کو ووٹر لسٹ میں شامل کر رہا ہے، جس سے روزانہ ہزاروں نئے ووٹرز کا اندراج ممکن ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ترجیحات میں خواتین ووٹرز کا اندراج خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ تاہم شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے چند دیہات میں خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے کی شرح کم ہونے کے باعث خواتین ووٹرز کا تناسب مرد ووٹرز کے مقابلے میں 6.3 فیصد کم ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نادرا، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، این جی اوز اور میڈیا کے اشتراک سے بھرپور آگاہی مہم شروع کر رکھی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کے شناختی کارڈز بنائے جا سکیں اور ان کے ووٹ کا اندراج ممکن ہو۔ الیکشن آفیسر محمد مدثر نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے فروغ اور ووٹر رجسٹریشن کے عمل میں میڈیا کا کردار نہایت کلیدی ہے۔ انہوں نے میڈیا اونرز سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں الیکشن کمیشن کا بھرپور ساتھ دے۔ اس موقع پر صدر ماس عمر فاروق نے الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ماس خواتین ووٹرز کے اندراج اور انتخابی آگاہی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ وفد کے دیگر اراکین نے بھی خواتین کے ووٹ کے حق کے فروغ کے لیے میڈیا کے پلیٹ فارمز پر خصوصی آگاہی مہمات چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ آخر میں الیکشن آفیسرز نے ماس کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ میڈیا کے اشتراک سے خواتین ووٹرز کی شمولیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔