اسلام آباد /لاھور/ملتان/فیصل آباد /کھاریاں: دربارِ عالیہ موہری شریف کے ترجمان پیرِطریقت صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی کے مطابق عظیم روحانی مرکز دربارِ عالیہ موہری شریف، تحصیل کھاریاں ضلع گجرات میں برصغیر کے جلیل القدر بزرگ، سلسلہ عالیہ نقشبندیہ معصومیہ کے عظیم پیشواء حضرت خواجہ محمد معصومؒ نقشبندی مجددی پیر آف موہری شریف کا سالانہ تین روزہ عرسِ مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ یکم، دو اور تین نومبر بروز ہفتہ، اتوار اور پیر منایا جائے گا۔ عرسِ مبارک کی تقریبات کا آغاز پہلے دن، یکم نومبر کو مزارِ شریف پر غسل و چادر پوشی کی پرنور تقریب سے ہوگا۔ دوسرے دن، دو نومبر کو بعد نمازِ عشاء عظیم الشان محفلِ ذکر و میلادِ مصطفیٰ ﷺ منعقد ہوگی، جس میں نامور علما و مشائخ،خلفاء عظام،قراء اور نعت خواں حضرات اور عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ عرسِ مبارک کی مرکزی و اختتامی نشست تین نومبر بروز پیر صبح 10 بجے دربارِ عالیہ موہری شریف کے وسیع احاطہ میں منعقد ہوگی، جبکہ بعد نمازِ ظہر اختتامی و اجتماعی دعا ہوگی۔ مرکزی نشست سے دربارِ عالیہ مرشد آباد لاہور کے سجادہ نشین سربراہ بزم المعصوم پیر خواجہ محمد خالد محمود احمد نقشبندی ودیگر خلفاء عظام خصوصی شرکت و خطاب فرمائیں گے۔اور اختتامی و اجتماعی دعا میں عالمِ اسلام، امتِ مسلمہ، وطنِ عزیز پاکستان، افواجِ پاکستان، حاضرینِ عرس کے ساتھ ساتھ غزہ، فلسطین، کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ مزید برآں امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، امن، محبت اور استحکام کے لیے بھی اجتماعی دعا مانگی جائے گی۔ عرسِ مبارک کی تمام تقریبات محکمہ اوقاف حکومتِ پنجاب کے زیرِ اہتمام ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق محکمہ ریلوے کی جانب سے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، عرس کے تینوں ایام میں تمام ٹرینوں کا ریلوے اسٹاف دو منٹ کے لیے کھاریاں میں موجود رہے گا تاکہ زائرین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ ملک بھر سے خلفائے عظام، مشائخ کرام، جید علما، مریدین، زائرین اور ہزاروں عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے۔ عرس کے موقع پر قیام و طعام، سیکیورٹی، لنگرِ عام اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ عرس کے دوران روزانہ تلاوتِ قرآنِ پاک، ذکرِ الٰہی، درود و سلام، محافلِ میلاد اور خصوصی دعاؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دربارِ عالیہ موہری شریف کا یہ عرس برصغیر بھر میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ، اخوت، رواداری، امن و محبت اور روحانی فیضان کے فروغ کی درخشاں روایت ہے۔