ملتان: انرویل ڈسٹرکٹ 343 کی چیئرمین مسز جینا اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں بریسٹ کینسر کے امراض میں اضا فہ ہو رہا ہے لاپروائی اس کی بنیادی وجہ ہے خواتین اپنے اندر کسی قسم کی غیر فطری تبدیلی سوزش،،رنگت میں تبدیلی اگر محسوس کریں تو اسے نظر انداز نہ کریں طالبات سماجی ادارے اور معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے وہ اپنے گھروں اور معاشرے میں آگاہی کا پیغام عام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اپنی صحت کے بارے میں سنجیدہ ہوں دنیا میں اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے کینسر کی آگاہی کے لیے منایا جاتا ہے ہمیں چاہیے اس کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ پورا سال منانا چاہیے انرویل ڈسٹرکٹ 343کے تمام کلبز چھاتی کے سرطان کی بھر پور آگاہی مہم پوراسال جاری کھے گی تاکہ اس مرض کی آگاہی سے خواتین کی جانوں کو بچایا جا سکے ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے انر ویل ڈسٹرکٹ 343 کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہوم اکنامکس گریجویٹ کالج ملتان میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہو ئے کیا معروف کینسر سپیشلسٹ ڈاکٹر رابعہ بصری نے کہا ہے کہ چھاتی کا کینسر بھی دیگر بیماریوں کی طرح ایک قابلِ علاج مرض ہے، اگر اس کی بروقت تشخیص کر لی جائے تو مریضہ مکمل صحت یاب ہو سکتی ہے۔ چھاتی کے کینسر کے حوالے سے معاشرے میں خوف اور غلط فہمیاں عوام میں شعور کی کمی کی وجہ سے پھیلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ ہر ماہ خود معائنہ کرنے کی عادت ڈالیں اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوراً ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔اُنھوں نے مزید کہا پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے مرض مں 40 سال سے زیادہ خواتین شکار ہوتی تھی اوراب12 سال سے 18 سال تک کی عمر کی بچیاں بھی چھاتی کے کینسر کے امراض میں مبتلاء ہورہی ہیں اور پاکستان میں اس شرح میں اضافہ تشویشناک ہے جو ایک لمحہ فکریہ ہے تاہم مثبت پہلو یہ ہے کہ جدید علاج اور آگاہی سے اس بیماری کو شکست دی جا سکتی ہے۔سیمینار سے انرویل ڈسٹرکٹ 343 کی عہدے دار ارم اقبال، آئی ایس او، رفعت شاہد، بلیٹن ایڈیٹر، رخسانہ نعیم، کانفرنس چیئرمین کالج پرنسپل ڈاکٹر میمونہ ناز، وائس پرنسپل مسز فوزیہ نورین، مسز ملیحہ، مسز شازیہ شہزاد، مسز فرح دیبا، ڈاکٹر سائمہ سعد، مسز رضیہ سلطانہ، مسز اسماء عزیز، مسز صبا مقبول کے علاوہ دیگر اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور کہا کہ چھاتی کے کینسر کی روک تھام کے لیے تعلیم، آگاہی، اور خود اعتمادی بنیادی عوامل ہیں۔تقریب کے آخر میں آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں طالبات، اساتذہ اور مہمانوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اوروقت پر تشخیص، زندگی کی ضمانت کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر انرویل ڈسٹرکٹ 343 کی چیئرمین مسز جینا اعجاز نے گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج کی پرنسپل کو کالج کے لیے 1 عدد ایئر کنڈیشنر اور فرنیچر بھی دیا۔