PSW اور TDAP کا اشتراک ,,, کاروباری خواتین کے لیے بین الاقوامی تجارت کے مواقع کی راہ ہموار
ملتان: پاکستان سنگل ونڈو (PSW) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) نے خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت کاروباری خواتین کے لیے بین الاقوامی تجارت کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے باہمی اشتراک کیا ہے۔ اسی سلسلے میں فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے ایک معلوماتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں خواتین کاروباری شخصیات کو سرحد پار تجارت، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کسٹمز کے طریقہ کار، مالی وسائل تک رسائی اور گرین ٹریڈ جیسے ابھرتے ہوئے مواقع سے متعلق آگاہی دی گئی، تاکہ وہ اپنے کاروباروں کو عالمی سطح پر وسعت دے سکیں۔ TDAP کی ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن کے تحت یہ پروگرام کاروباری خواتین کو مارکیٹ لنکیجز، عالمی نمائشوں میں شرکت اور تجارتی ضوابط کی بہتر سمجھ بوجھ فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔ PSW کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افتاب حیدر نے کہا:
“خدیجہ پروگرام کا عالمی سطح پر اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم خواتین کو جدید ڈیجیٹل معیشت میں کامیابی کے لیے درکار علم فراہم کر رہے ہیں۔ TDAP کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان کے تجارتی نظام میں شمولیت، اختراع اور پائیداری کو فروغ دے رہی ہے۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کی نائب صدر محترمہ قرت العین نے کہا “عالمی منڈی میں اب وہ کاروبار کامیاب ہیں جو جدت کے ساتھ شمولیت اور ذمہ داری کو اپناتے ہیں۔ فیصل آباد کی خواتین کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ ڈیجیٹل اور پائیدار طریقوں سے عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کریں۔ پروگرام کے دوران ماہرین نے مالیاتی نظم، بین الاقوامی مارکیٹنگ، تجارتی ضوابط اور پائیدار کاروباری حکمتِ عملیوں پر سیشنز منعقد کیے، جن میں شرکاء کو عملی تربیت فراہم کی گئی۔ TDAP کی ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ ماہینہ غالب نے کہا “PSW کے ساتھ اشتراک کے ذریعے ہم ملک کے دور دراز علاقوں کی خواتین کو تربیت، رہنمائی اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ پاکستان کی تجارتی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔ خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کو حال ہی میں عالمی تجارتی تنظیم (WTO) کی جانب سے “جیندر ایکوئیٹی ان ٹریڈ” ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، جو اس کے عالمی معیار اور کامیابی کا مظہر ہے۔ یہ پروگرام اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs 2030) کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل اور ماحول دوست تجارت کے فروغ کے لیے ایک نمایاں اقدام ہے۔








































Visit Today : 279
Visit Yesterday : 608
This Month : 9702
This Year : 57538
Total Visit : 162526
Hits Today : 11395
Total Hits : 784551
Who's Online : 5






















