ملتان : برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا، سجادہ نشین سلسلۂ سہروردیہ، حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ کا 712واں سالانہ تین روزہ عرس مبارک کی تقریبات 28 اکتوبر سے درگاہ عالیہ میں شروع ہوں گی جو 30 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ محکمہ اوقاف ملتان نے عرس کے سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس حوالے سے زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف سید ایاز الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ عرس انتظامات کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فالو اپ میٹنگ مکمل کرلی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر ملتان نے تمام محکموں کو ان کے فرائض تفویض کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے محکمہ اوقاف اور انتظامیہ کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام بھی فعال رہے گا۔ صفائی ستھرائی، روشنی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن اور واسا کے اہلکاروں اور 1122کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ زائرین کے قیام و طعام کے لیے عارضی کیمپس، لنگر اور پینے کے پانی کے اسٹالز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ اندرونِ سندھ سمیت پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر شہروں سے ہزاروں زائرین ملتان پہنچیں گے تاکہ حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ کے دربار پر حاضری دے کر عقیدت کے پھول نچھاور کریں۔ ملتان شہر میں عرس کے دوران روحانی فضا قائم رہے گی، اور درگاہ عالیہ پر دن رات زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔