ملتان :تحریک انصاف کی رہنما اور این اے 148 کی امیدوار ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی رقوم اور بہت بڑا ریلیف پیکج لانے کے اعلانات تو کئے جا رہے ہیں، مگر دوسری جانب مہنگائی کے طوفان نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پھل، سبزیاں اور گوشت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں، حکومت بتائے کہ یہ فنڈز کب اور کن مستحقین تک پہنچیں گے؟ کہیں ایسا نہ ہو کہ حقداروں کے بجائے صرف اپنے منظورِ نظر افراد کو نوازا جائے ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ اس ریلیف کی آ ڑ میں ایک بہت بڑا بوجھ مہنگائی کی صورت میں عوام پر ڈال دیا گیا ہے ،جس کے تلے عوام پس کر رہ گئے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ہوش کے ناخن لے، عوامی مشکلات کم کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ غریبوں کے منہ سے نوالہ نہ چھینا جا سکے۔یہ باتیں انہوں نے بند بوسن کے سیلاب زدہ علاقے کے دورے کے موقع پر کہیں، جہاں خواتین کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور اپنی مشکلات سے آگاہ کیا ،بعد ازاں ڈاکٹر روبینہ اختر نے متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔