ملتان (صفدربخاری سے) چلڈرن ہسپتال ملتان میں ممتاز ماہرِ اطفال پروفیسر ڈاکٹر طارق بھٹہ (سابق پرنسپل نشتر میڈیکل کالج) نے اپنی اہلیہ پروفیسر ڈاکٹر عقیلہ طارق بھٹہ (پروفیسر آف پیتھالوجی) اور صاحبزادے ڈاکٹر عدنان طارق بھٹہ (آئی سی یو اسپیشلسٹ، امریکہ) کے ہمراہ دورہ کیا۔دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر طارق بھٹہ اور اُن کے ہمراہ موجود ماہرین نے بچوں کے علاج و معالجے کے جدید تقاضوں پر گفتگو کی اور اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال ملتان جنوبی پنجاب کے بچوں کے علاج کے لیے ایک اہم اور فعال ادارہ ہے جو جدید آلات، تربیت یافتہ عملے اور مؤثر انتظامی نظام کے باعث اپنی مثال آپ ہے۔اس موقع پر ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے معزز مہمانوں کو اسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے نگہداشت یونٹ، وینٹی لیٹر سروسز اور مختلف اسپیشلائزڈ کلینکس کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر طارق بھٹہ نے انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدید طبی سہولیات کی فراہمی، پیشہ ورانہ تربیت اور ریسرچ کے فروغ سے بچوں کی صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔