ملتان(صفدربخاری سے) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہیومن نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر توصیف سلطان کی بطور چیئرمین تین سالہ مدتِ کامیاب تکمیل پر ایک پُروقار تقریبِ پذیرائی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران اور اسٹاف نے ڈاکٹر توصیف سلطان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ تقریب میں اساتذہ و اسٹاف ممبران نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ڈاکٹر توصیف سلطان نے اپنی بہترین قیادت، انتظامی صلاحیتوں اور تعلیمی وژن کے ذریعے ہیومن نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو یونیورسٹی کے نمایاں شعبوں میں شامل کر دیا۔ ان کے دورِ سربراہی میں نہ صرف تدریسی معیار میں بہتری آئی بلکہ تحقیق اور عملی تربیت کے مواقع بھی بڑھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر توصیف سلطان نے فیکلٹی اور اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ہیومن نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی کامیابی ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ یہاں کے اساتذہ، اسٹاف ممبران اور طلباء باہمی ہم آہنگی، محنت اور جہدِ مسلسل پر یقین رکھتے ہیں، یہی جذبہ ڈیپارٹمنٹ کی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں ہیومن نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ مزید ترقی کرے گا اور قومی سطح پر صحت و غذائیت کے شعبے میں اہم کردار ادا کرے گا۔