ملتان : پاکستان پیپلز پارٹی کلچر ونگ جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر میر احمد کامران مگسی،سابق سٹی سیکریٹری اطلاعات ایم افضل جاوید ، سابق قائم مقام صدر رانا نیک محمد زاہد، سابق جنرل سیکریٹری پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ملتان شہر سید جمیل حید نقوی ، صابر پیا انصاری ، محمد اقبال ہانس، نے کہا ہے کہ ملک میں آج جو لولی لنگری جمہوریت ہے وہ پیپلز پارٹی ہی کی مرہونِ منت ہے۔ فروری 2024 ء کے عام انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی اگر حکومت سازی کا حصہ نہ بنتی تو غیر جمہوری طاقتیں اقتدار پر قبضہ کر لیتیں۔ وہ آج شام پیپلز پارٹی ملتان کے سابق سیکریٹری اطلاعات و نائب ناظم یونین کونسل نمبر 24 ایم افضل جاوید کی رہائش گاہ کڑی داؤد خان میں پیپلز پارٹی کی سابقہ چیئر پرسن محترمہ بیگم نصرت بھٹو کی چودیں برسی کے موقع پر منعقد کئے گئے ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جس کی صدارت میر احمد کامران مگسی نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی رانا نیک محمد زاہد، سید جمیل حیدر نقوی اور صابر پیا انصاری تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میر احمد کامران مگسی ، ایم افضل جاوید نے بیگم نصرت بھٹو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں سر پر لاٹھیاں کھانے والی بیگم نصرت بھٹو کی جنرل ایوب اور ضیاء آمریت کے خلاف طویل جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر بیگم نصرت بھٹو اور شہدائے جمہوریت کی روح کو ایصالِ ثواب پہنچانے کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اس تعزیتی اجلاس میں اسلم سیکریٹری، ملک محمد رمضان، خالد نواز، حاجی لیاقت چیئرمین، عبدالرؤف، اعجاز ہیوی بلوچ، ملک کریم بخش بھٹہ، شیخ عاشق علی، صدیق سپل، شریف انصاری، شیخ سجاد احمداور شیخ مقصود احمد موجود تھے۔