ملتان :: ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محنت کش یونین کے زیرِ اہتمام ایس اے انٹرپرائزز کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے کی قیادت یونین کے صدر سمیع اللہ اور جنرل سیکرٹری ملک حمادافضل ڈوگر نے کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تنخواہوں کی فوری ادائیگی اور سامان کی فراہمی کے مطالبات درج تھے،خطاب کرتے ہوئے صدر سمیع اللہ اورجنرل سیکرٹری ملک حمادافضل ڈوگر نے کہا کہ کنٹریکٹر ایس اے انٹرپرائزز کی جانب سے کنٹریکٹ ملازمین اور صاف ستھرا پنجاب کے سینٹری ورکرز کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس سے محنت کش سخت مالی مشکلات کا شکار ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ ورکرز کو ضروری حفاظتی سامان، جن میں یونیفارم، ماسک، گلوز اور دیگر اشیاء شامل ہیں، فراہم نہیں کیا جا رہا، جبکہ سینٹری سپروائزرز کا گاڑیوں کے لیے پٹرول بھی بند کر دیا گیا ہے، رہنماؤں نے مزید کہا کہ کنٹریکٹر کی ہٹ دھرمی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ جو بھی ملازم تنخواہ یا حق مانگتا ہے، اسے فوراً ملازمت سے برخاست کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب،کمشنر ملتان،ڈپٹی کمشنر ملتان،سی ای اوویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور محنت کشوں کو ان کے حقوق دلائے جائیں، یونین رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ایس اے انٹرپرائزز نے دو ماہ کی واجب الادا تنخواہیں فوری طور پر جاری نہ کیں اور ضروری سامان کی فراہمی بحال نہ کی تو شہر بھر میں صفائی کا کام روک دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری کمپنی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔مظاہرے میں چیئرمین غلام فرید، ملک رمضان، آصف بھٹہ، عامر اعوان اور دیگر محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے شدید نعرے بازی کی اور مزدوروں کے ساتھ ناانصافی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔