راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے وطنِ عزیز کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کے نام نیا قومی نغمہ ’’قوم کے شہیدوں تمہیں سلام‘‘ ریلیز کر دیا۔ یہ نغمہ اُن تمام شہداء کے نام ہے جنہوں نے پاکستان کی بقاء، سلامتی، اور امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ نغمے میں پاک فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی، اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اُن جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی زندگیاں قربان کر کے قوم کو امن کا تحفہ دیا۔ نغمے کے بولوں میں قومی جذبہ، وطن سے محبت، اور شہداء کے لہو سے لکھی داستانوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس میں اُن معصوم بچوں، خواتین، اور شہریوں کی قربانیوں کو بھی یاد کیا گیا ہے جو دہشت گردی کے حملوں میں جان بحق ہوئے مگر ان کا حوصلہ اور عزم دشمن کے عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نغمہ اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کا ہر سپوت خون کے آخری قطرے تک وطن کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔ شہداء کی قربانیاں صرف تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقاء اور امن کی بنیاد ہیں۔ نغمے میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ قوم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولے گی، ان کا لہو وطن کی مٹی میں رچ بس گیا ہے اور یہی قربانیاں پاکستان کو مضبوط، پائیدار اور پرامن بنانے کی ضمانت ہیں۔ ریلیز کے بعد یہ نغمہ عوام میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے شہداء کے لیے عقیدت، احترام اور فخر کے اظہار پر مبنی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

’’قوم کے شہیدوں تمہیں سلام‘‘ — ایک ایسا نغمہ جو ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن گیا ہے۔