راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے کہا ہے کہ ’’میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ انشاء اللہ، ہم اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پریڈ کا معائنہ کرنا ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش، عراق، مالی، مالدیپ، نائیجیریا، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا اور یمن سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے آج تک افواجِ پاکستان نے قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ وطن عزیز کے بیرونی اور اندرونی دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ حالیہ آپریشن ’’معرکۂ حق / بنیان مرصوص‘‘ میں افواجِ پاکستان نے پیشہ وارانہ مہارت اور عزم و حوصلے سے دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط کیا۔ فیلڈ مارشل نے بتایا کہ ازلی دشمن کے خلاف انتہائی پیشہ ورانہ کارروائیاں کی گئیں، جن میں دشمن کے رافیل طیارے مار گرائے گئے اور ایس-400 سمیت متعدد بیسز کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی عسکری برتری کو ثابت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل اور قومی اتحاد کے ساتھ پاکستانی قوم نے فولادی دیوار بن کر دشمن کا مقابلہ کیا۔ پاکستان نے ایک بار پھر ایک ایسے دشمن کے خلاف کامیابی حاصل کی جو اپنی خود ساختہ بالادستی کے زعم میں مبتلا تھا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے الزام تراشی کی اور غیرجانبدارانہ تحقیقات سے گریز کیا، جبکہ خود ساختہ شواہد پیش کرکے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا۔ سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف اپنی واضح فتح کے ذریعے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ عالمی برادری کا وقار اور اعتماد حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں یہ یقین مزید پختہ ہوا ہے کہ افواجِ پاکستان قومی طاقت کا بنیادی ستون ہیں۔ فیلڈ مارشل نے قوم کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ہر سپاہی، سیلر، فضائیہ کے جوان، بہادر مرد و خواتین، بچے اور بزرگ جنہوں نے وطن کے دفاع میں قربانیاں دیں۔ انہوں نے مادرِ وطن کے غازیوں، قومی قیادت، بیوروکریسی، علما، سائنسدانوں، میڈیا اور تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے وطن کے دفاع اور استحکام میں اپنا کردار ادا کیا۔