ملتان (صفدربخاری سے) پاکستان مسلم لیگ (ن) ملتان شہر کی صدر ثروت خان نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم میاں شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی انتھک کاوشوں سے پاک–افغان بارڈر پر پیدا ہونے والی صورتحال کو بہترین سفارتی حکمتِ عملی سے حل کیا گیا، جس سے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا کہ کس طرح مؤثر سفارتی تعلقات کے ذریعے پاکستان کے وقار اور مفادات کا بھرپور تحفظ کیا گیا۔ ثروت خان نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں “گرین پروگرام” سمیت متعدد میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے، جن سے خواتین کو بااختیار بنانے اور عوامی فلاح کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت چاہے جتنی بھی کوششیں کر لے یا پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی سازشیں کرے، مگر پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کا خوب ادراک رکھتا ہے۔ پاکستان کے بہادر سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج پوری قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ملک کی سالمیت، خودمختاری اور دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ثروت خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی یہ کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پارٹی عوامی خدمت، قومی ترقی اور مضبوط پاکستان کے ایجنڈے پر قائم ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا