ملتان (صفدربخاری سے) ایوانِ تجارت و صنعت ملتان میں “وزیر اعلیٰ پنجاب آسان فنانس پروگرام‘‘ کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس میں ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ ،نائب صدر محمد اظہر بلوچ ،ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عمارہ منظور،شیخ عاصم سعید،طاہر اقبال،محمد سلیمان،ظفر اقبال صدیقی،کاشف اسلام،سیکرٹری جنرل ایوان تجارت و صنعت ملتان محمد شفیق سمیت کاروباری طبقے، صنعت کاروں،نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے صدر ایوانِ تجارت و صنعت میاں بختاور تنویر شیخ نے خطاب کرتے کہا کہ ’’آسان فنانس پروگرام‘‘ کے پہلے فیز میں 31 ارب روپے کے قرضے دیے گئے جن سے ہزاروں کاروباروں کو سہولت ملی، جبکہ اب فیز ٹو کے لیے 90 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو مارک اپ پر قرضے فراہم کرنا حکومت کا تاریخی فیصلہ ہے جس سے چھوٹے کاروبار مستحکم ہوں گے اور نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور کیپیٹل مارکیٹ کے استحکام کے بغیر ملکی معیشت ترقی نہیں کر سکتی، اس لیے حکومت اور تاجر برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ریجنل ڈائریکٹر عمارہ منظور نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے اور کاروباری طبقہ حکومت کی معاشی پالیسیوں میں اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آسان فنانس پروگرام‘‘ کے تحت انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے قرضہ فراہمی کا عمل جاری ہے۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن 1973 سے صنعتی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے اور پنجاب بھی میں 24 انڈسٹریل اسٹیٹ کام کر رہی ہیں۔اجلاس کے اختتام پر طاہر اقبال نے ’’آسان فنانس پروگرام‘‘ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں، خواتین، ٹرانس جینڈر اور معذور شہریوں کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اہلیت کے لیے ایف بی آر رجسٹریشن، ایکٹو ٹیکس پیئر اسٹیٹس، ویلڈ سی این آئی سی اور پنجاب کی رہائش لازمی قرار دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنانسنگ پلان زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے لیے ہوگا، موجودہ کاروبار رکھنے والوں کے لیے چھ ماہ اور نئے کاروبار شروع کرنے والوں کے لیے تین ماہ کا گریس پیریڈ دیا جائے گا۔ طاہر اقبال نے کہا کہ درخواست دینے کا عمل ’’سی ایم پنجاب آسان فنانس‘‘ کی ویب سائٹ کے ذریعے کیا جا سکتا ہے اور کسی بھی رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن دستیاب ہے۔