ملتان : مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ عنایت اللہ رحمانی نے کہا ہے کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان کی چوکیوں پر حملے قابل مذمت افسوس ناک، غیر ذمہ دارانہ اور اسلامی اخوت کے تقاضوں کے منافی ہیں جس پر پاک فوج کا بھر پور جواب بالکل درست اور زبردست اقدام ہے۔ قوم دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی مکمل حمایت کرتی ھے۔افواج کے شہداء کوسلام پیش کرتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ بھائی چارے، اسلامی یکجہتی اور خیرسگالی کے جذبات کے تحت تعلقات قائم رکھے۔ افغانستان کی جنگوں اور بحرانوں میں پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دی، تعلیم، روزگار اور تحفظ فراہم کیا، مگر آج وہی عناصر جنہیں کبھی سہارا دیا گیا، وہی ملک کے امن اور خودمختاری پر حملہ آور ہیں اور دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کررہے ہیں انہوں نے افغان قیادت پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے، انڈیا اوردیگردشمن قوتوں کے اشاروں پر عمل کرنے کے بجائے مسلمان بھائیوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اپنی خودمختاری، سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہےانہوں نےکہاکہ جس انڈیا کی گود میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کاروائیاں کررہاھےاسے پاکستان آپریشن بنیان المرصوص میں شکست فاش دےچکاوہ تمہاری حفاظت کیاکرےگا۔