علی پور (سمیع خان سے) — حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ضلع علی پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینے کے لیے جامع سروے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ منتخب ٹیمیں گھر گھر جاکر متاثرہ خاندانوں، فصلوں اور املاک کے نقصانات کا ڈیٹا جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر موضع بیٹ نبی شاہ میں باقاعدہ سروے شروع کردیا گیا ہے۔ سروے ٹیموں میں مختلف محکموں کے نمائندگان شامل ہیں جن میں ریونیو کے پٹواری نصرت علی گھلو، محکمہ زراعت کے انسپکٹر محمد یامین ڈوگر، محکمہ لائیو اسٹاک کے اے آئی ٹیکنیشن محمد خالد صدیقی، اربن یونٹ کے سرویئر کریم عباس خان ڈڈہ، پاک آرمی کے نمائندہ محمد مراد خان، نمبردار بیٹ نبی شاہ قادر فرید خان گبول اور منشی زوار حسین ارائیں شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں جاکر مسمار شدہ اور جزوی طور پر متاثر گھروں کے ساتھ ساتھ کھڑی فصلوں کے نقصانات کا بھی تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں۔ حاصل کردہ ڈیٹا کو موقع پر ہی آن لائن سسٹم میں اپ لوڈ کیا جا رہا ہے تاکہ امدادی کارروائیاں شفاف انداز میں آگے بڑھائی جا سکیں۔ اس موقع پر اربن یونٹ کے سرویئر کریم عباس خان ڈڈہ نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر سروے کا عمل بلاتفریق اور شفاف انداز میں جاری ہے۔ ٹیمیں ہر متاثرہ گھر کا تفصیلی جائزہ لے کر حقیقی نقصانات کا اندراج کر رہی ہیں تاکہ حکومت کی جانب سے امدادی رقوم کی تقسیم میں کسی کو بھی محرومی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ علاقہ مکینوں نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سروے کے بعد متاثرین کو بروقت ریلیف اور معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔