ملتان :  صدر کونسلر اتحاد ضلع ملتان حاجی محمد یوسف انصاری نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان حکومت وقت کی منی فوج ہوتے ہیں، عوامی خدمت کا حقیقی نظام وہی ہے جو نچلی سطح تک فعال ہو۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں بلدیاتی نظام مضبوط ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل کم اور سہولیات عام ہیں۔ بدقسمتی سے پنجاب میں 2015 کے بعد آج تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے جو جمہوریت کے تسلسل پر سوالیہ نشان ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر عہدے داروں ڈاکٹر محمد اکرم شاہ، بلال آہیر، مخدوم غلام علی جمالی، محمد علی قریشی، حافظ نظر حسین روانی، احسان علی قریشی، محمد طلحہ انصاری، مختار حسین، عابد سہو، محمد امین بابر اور اشفاق محمود خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل تنظیم لوکل کونسلر ایسوسی ایشن (LCA) کا ممبر ہے اور اس تنظیم کا منشور واضح کرتا ہے کہ مقامی حکومتوں کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، پنجاب ملک کا سب سے کماؤ صوبہ ہے، مگر یہی واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی ادارے غیر فعال ہیں، جب کہ دیگر تینوں صوبوں میں نظام بلاتعطل چل رہا ہے، حکومت پنجاب آئے دن بلدیاتی نظام کے حوالے سے دعوے اور اجلاس تو کرتی ہے، مگر انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری نہیں کیا جاتا ،انہوں نے مزید کہا کہ عدالتِ عالیہ، الیکشن کمیشن اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی بلدیاتی الیکشن کروانے کی ہدایت کر چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود عملی اقدام نہ ہونا باعثِ تشویش ہے،پنجاب کے عوام صفائی، نکاح رجسٹریشن اور کردار کے سرٹیفکیٹس جیسے بنیادی مسائل کے لیے گریڈ 16 کے افسران یا ارکان اسمبلی کے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں،بلدیاتی نمائندے ہر وقت عوام کی پہنچ میں ہوتے ہیں، مگر ان کے نہ ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں،حاجی محمد یوسف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے، اور جو قانون سازی یا ترامیم کی گئی ہیں وہ عوام کے سامنے لائی جائیں تاکہ امیدوار اپنی انتخابی تیاری کر سکیں، انہوں نے کہا کہ 2015 میں بھی مسلم لیگ (ن) نے عدالت کے حکم پر بلدیاتی انتخابات کرائے تھے، لہٰذا توقع ہے کہ اب بھی وہی جماعت جمہوری روایت کو برقرار رکھتے ہوئے الیکشن کے اعلان کا فیصلہ کرے گی،صدر کونسلر اتحاد نے کہا کہ ایسا قانون ہونا چاہیے جس کے تحت بلدیاتی نمائندے اپنی آئینی مدت مکمل کریں، چاہے حکومت تبدیل ہی کیوں نہ ہو ،انہوں نے اعلان کیا کہ کونسلر اتحاد کا اہم اجلاس 12 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے، جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ اگر حکومت نے الیکشن شیڈول کا اعلان نہ کیا تو اتحاد احتجاجی تحریک یا عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا راستہ اختیار کرے گا۔