ملتان(صفدربخاری سے) تھانہ دریا خان ضلع بھکر کی ایف آئی آر نمبر 20/188 اور کریمنل اپیل نمبر 22/1306 میں نامزد ملزم آصف ولد شاہ نواز قوم فقیر سکنہ کروڑ لعل عیس بنام سرکار کا مقدمہ ہائی کورٹ ملتان ڈبل بینچ میں زیر سماعت ہوا۔ کیس کی سماعت جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس تنویر احمد شیخ پر مشتمل ڈبل بینچ نے کی۔ مقدمہ قتل (302) کے تحت درج تھا اور ملزم آصف ولد شاہ نواز کی جانب سے شازیہ گل ایڈووکیٹ ہائی کورٹ پیش ہوئیں۔ مورخہ 2 اکتوبر 2025 کو سماعت کے دوران فریقین کے وکلا کے دلائل سننے اور حقائق کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے میں ملزم پر عائد جرم ثابت نہیں ہوسکا۔ ہائی کورٹ ملتان کے ڈبل بینچ نے اپنے فیصلے میں ملزم آصف ولد شاہ نواز کو باضابطہ طور پر باعزت بری کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ فیصلے کے بعد ملزم آصف اور اہل خانہ نے شازیہ گل ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔