ملتان (صفدربخاری سے) جماعت اسلامی ضلع ملتان کے زیر اہتمام غزہ کے نہتے عوام پر جاری صیہونی جارحیت اور “گلوبل صمود فلوٹیلا” پر اسرائیلی افواج کے حملے اور گرفتاریاں کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کل بروز جمعہ 3 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوگا۔ یہ احتجاجی مظاہرہ شام 4 بج کر 45 منٹ پر ملتان پریس کلب کے سامنے کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے ضلعی ترجمان کے مطابق اس مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کے رہنما، کارکنان، سول سوسائٹی کے نمائندے اور مختلف مکاتب فکر کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری اور معصوم فلسطینیوں پر ظلم و بربریت نے پوری دنیا کو لرزا کر رکھ دیا ہے۔ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے اور مسلم دنیا کو بیدار کرنے کے لیے جماعت اسلامی اس احتجاج کا اہتمام کر رہی ہے تاکہ عالمی طاقتوں کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ امت مسلمہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “گلوبل صمود فلوٹیلا” پر اسرائیلی جارحیت اور کارکنان کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر مظاہرین فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔