ملتان : پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے کوآرڈینیٹر عبدالقاد شاہین کی ہدایت پر پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نشید عارف گوندل، زوار قریشی، احد عارف گوندل نے اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے چین کے کامیاب دورے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اسے پاکستان کے لیے خوش آئند اور نتیجہ خیز قرار دیا گیا، رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے بچاؤ اور متاثرین کی مدد میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی، سیلاب کی پیشگی اطلاعات کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب اپنی کابینہ کے ساتھ جاپان میں تفریحی دوروں میں مصروف رہیں، جبکہ عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا، حکمران ٹک ٹاک پر حکومت چلانے کی کوشش کرتے رہے، لیکن زمینی حقائق میں کہیں کوئی عملی اقدام دکھائی نہ دیا، پیپلز لائرز فورم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس سندھ حکومت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں متاثرین کی فوری بحالی اور امداد کے لئے عملی اقدامات کئے جو قابلِ تقلید ہیں، پنجاب حکومت کو ان اقدامات سے سبق سیکھنا چاہئے تھا لیکن اس نے صرف الزامات اور دکھاوے کی سیاست پر انحصار کیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام باشعور ہیں اور حکمرانوں کی ناکامیاں ان پر عیاں ہوچکی ہیں۔ اب عوام جان چکے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ پیپلز لائرز فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں لاہور سے لاڑکانہ تک جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور ہم عوامی طاقت پر یقین رکھتے ہیں، بہت جلد پنجاب کے عوام جاتی امراء کے ’’ٹک ٹاک حکمرانوں‘‘ سے نجات پا کر عوامی حکومت قائم کریں گے۔