ملتان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صاف پانی کی فراہمی کے لئے ڈویژنل انتظامیہ متحرک، کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس
ملتان(صفدربخاری سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہریوں کو
صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ سرگرم ہوگئی۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنرز، میونسپل و ضلع کونسل افسران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ڈویژن میں 804 واٹر فلٹریشن پلانٹس میں سے 258 پلانٹس مکمل فنکشنل ہوکر آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں۔ خانیوال میں 10 فیصد، لودھراں میں 32 فیصد، وہاڑی میں 12 فیصد جبکہ ملتان میں 9 فیصد پانی کھارا قرار پایا ہے۔ زیادہ ٹی ڈی ایس والے علاقوں میں واٹر ٹریٹمنٹ اور آر او پلانٹس جبکہ کنٹرول ٹی ڈی ایس علاقوں میں الٹرا فلٹریشن پلانٹس لگانے کی تجویز زیر غور آئی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ صاف پانی بیماریوں سے بچاؤ اور علاج کے بڑھتے اخراجات سے نجات کا ذریعہ ہے، اس لیے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی اور اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ پانی میسر ہو۔ انہوں نے فیز ٹو میں نئے پلانٹس کی تنصیب کے لیے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے اور نجی سیکٹر کی جانب سے لگائے گئے فلٹریشن پلانٹس کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر غلام مرتضیٰ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئر علی رضا نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔








































Visit Today : 204
Visit Yesterday : 460
This Month : 10087
This Year : 57923
Total Visit : 162911
Hits Today : 1318
Total Hits : 790496
Who's Online : 1






















