کراچی: سابق مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے ان کے خلاف قانونی کارروائی پر ردعمل دیا ہے۔چند روز قبل سوشل میڈیا پر نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نادیہ خان بظاہر تو انیسہ فاروقی سے ان کے میک اپ اور جیولری وغیرہ کے بارے میں پوچھ رہی تھیں لیکن ان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا۔نادیہ خان کے اس رویے کو سوشل میڈیا صارفین نے بہت زیادہ محسوس کیا اور ان پر ایک عمر رسیدہ خاتون کا مذاق اڑانے پر شدید تنقید کی گئی۔شرمیلا فاروقی نے بھی نادیہ خان کے اپنے والدہ کے ساتھ اس رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کروائی۔ تاہم اب نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک طویل ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ انیسہ فاروقی کا تمسخر اڑانے کی وضاحت دیتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔