بے نظیر بھٹو عورت کا روشن چہرہ حوصلے کی زندہ تعبیر
بے نظیر بھٹو عورت کا روشن چہرہ حوصلے کی زندہ تعبیر
تحریر: ایس پیرزادہ
21 
جون یہ تاریخ صرف ایک عظیم رہنما کی سالگرہ کا دن نہیں بلکہ ایک عورت کے خوابوں حوصلوں اور قربانیوں کی یاد دلاتی ہے آج محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا 72واں یومِ پیدائش ہے ایک ایسی خاتون جنہوں نے ثابت کیا کہ عورت صرف کمزور صنف نہیں بلکہ ایک مکمل قیادت تدبر اور برداشت کی طاقت ہے
بے نظیر بھٹو صرف پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم نہیں تھیں وہ دنیا کی پہلی مسلم خاتون وزیراعظم بھی بنیں ایک مردوں کے غلبے والے معاشرے میں انہوں نے نہ صرف اپنے والد کے مشن کو سنبھالا بلکہ اپنی قیادت فراست سیاسی فہم اور دلیرانہ طرزِ گفتار سے عوام کے دل جیت لیے
وہ ایک بیٹی تھیں ایک بہن ایک ماں اور ایک سربراہِ حکومت ہر رُوپ میں کامل اور بے مثال ان کی گفتگو میں نرمی تھی، مگر موقف میں پختگی وہ ہتھیاروں سے نہیں الفاظ سے لڑتی تھیں اُن کی مسکراہٹ میں امید تھی اور آنکھوں میں مستقبل کا خواب
لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرے نے اس عظیم عورت کو بھی نہ بخشا۔ ایک طرف وہ دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت بنیں تو دوسری طرف انہی کی زمین پر انہیں بار بار کردار کشی تنقید اور سازشوں کا سامنا کرنا پڑا یہی وہ المیہ ہے جو آج بھی ہماری ہر باہمت عورت کے ساتھ جڑا ہے جیسے جیسے وہ آگے بڑھتی ہے ویسے ویسے معاشرہ اس کے پاؤں کاٹنے لگتا ہے
ہماری سوسائٹی میں عورت کو صرف چار دیواری کا قیدی سمجھا جاتا ہے اگر وہ بولے تو بدتمیز، آگے بڑھے تو خودسر اور قیادت کرے تو مردوں کے غرور کو ٹھیس۔ بے نظیر بھٹو نے ان تمام دقیانوسی زنجیروں کو توڑتے ہوئے پاکستانی عورت کو یہ پیغام دیا کہ تم وہ ہو جو پہاڑ ہلا سکتی ہو، تم وہ ہو جو قومیں جگا سکتی ہو تم وہ ہو جو تبدیلی لا سکتی ہو
محترمہ کی جدوجہد ہمیں سکھاتی ہے کہ عورت کا احترام صرف اس کے رشتوں سے نہیں بلکہ اس کی قابلیت بصیرت اور جدوجہد سے ہونا چاہیے اگر بے نظیر بھٹو جیسی باشعور تعلیم یافتہ اور پرعزم عورت کو بھی ہم مکمل تحفظ نہ دے سکے تو یہ سوال ہر ادارے ہر فرد اور ہر ذہن سے کیا جانا چاہیے کہ عورت آخر کب اپنی پہچان مقام اور تحفظ پائے گی؟
آج، ان کی سالگرہ کے موقع پر ہمیں صرف کیک کاٹ کر تقاریر کر کے انہیں یاد نہیں کرنا، بلکہ یہ عہد کرنا ہے کہ ہم ہر عورت کو وہی مقام عزت، اور تحفظ دیں گے جس کی وہ حقدار ہے ہم ہر بے نظیر کو جینے کا حق دیں گے
محترمہ بے نظیر بھٹو شہید آپ آج بھی ہر دلیر عورت کے خواب میں زندہ ہیں ہر بیٹی کی امید میں، ہر ماں کی دعا میں اور ہر بہن کی دعا میں
سلام ہے آپ کی سوچ کو سلام ہے آپ کے قدموں کو
اللہ آپ کو جنت کے اعلیٰ مقام پر فائز فرمائے آمین







































Visit Today : 198
Visit Yesterday : 581
This Month : 12430
This Year : 60266
Total Visit : 165254
Hits Today : 1345
Total Hits : 830142
Who's Online : 4




















