ملتان (صفدربخاری سے) نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام فلور ملز کی کوالٹی کنٹرول اور کوالٹی ایشورنس کے حوالے سے سیکٹر وائڈ ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا، تربیت کا مقصد آٹے کے معیارات سے متعلق ملز کی صلاحیت کو بڑھانا تھا تاکہ آٹے کی فورٹیفیکیشن کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے اور ملرز فار نیوٹریشن پراجیکٹ کے تحت مائیکرو نیوٹرینٹ کی کمی کو کم کیا جا سکے.اس ٹریننگ کے مہمان خصوصی شہباز محمود شیخ سابق چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن۔حاجی محمد یونس ڈسٹرکٹ فوکل پرسن پاکستان فلور مل ایسوسییشن وہاڑی ۔شیخ محمد حسین سابق چیئرمین ضلع کونسل وہاڑی تھے۔شہباز محمود شیخ نے اپنے صدارتی خطاب میں شرکاء کو آٹے کی فورٹیفیکیشن اور اسکی کوالٹی ایشورنس اور کوالٹی کنٹرول پر مفید معلومات فراہم کی۔ لوگوں میں غذائی اجزاء کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ میں فلور ملز کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ساجد عباس سیال، صوبائی پروگرام مینیجر ویٹ فلور فورٹیفیکیشن نے ملرز فار نیوٹریشن پروجیکٹ کی تفصیلات بتائیں اور M4N کے تحت تمام اقدامات اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔اس تقریب میں وہاڑی کی فلور ملز سے منسلک 30 سے زائد ملرز نے شرکت کی، اس موقع پر یونیورسٹی اور انڈسٹری کے ماہرین کی زیر قیادت تربیتی سیشنز میں کوالٹی ایشورینس، ریگولیٹری تعمیل اور فوڈ فورٹیفیکیشن، معیارات اور جانچ کے طریقوں میں چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ دی گئی۔ محمد نواز شریف یونیورسٹی اف ایگریکلچر کے فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر محمد شہباز نے پاکستانی عوام میں مختلف غذائی اجزاء کی کمی کے اعدادو شمار اور اس کمی کو دور کرنے کے لیے فوڈ فورٹیفیکیشن کے فوائد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔چوہدری حاجی محمد یونس نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں قومی سطح پر لوگوں کو غذائی اجزاء کی قلت سے بچانے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ جناب جاوید اصغر اور روحیل اصغر نے ملرز کی نمائندگی کرتے ہوئےبحیثیت اعزازی مہمان شرکت کی اور اپنے خطاب میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے کام کو سراہتے ہوئے فورٹیفیکیشن کے اقدامات کے حوالے سے انڈسٹری کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ٹریننگ سیشن میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زونل منیجرز اعجاز شیخ اور جہانزیب جوئیہ نے بھی شرکت کی۔