ملتان :  سابق ایم این اے شیخ طارق رشید اور میاں نواز شریف حمایت تحریک کے چئیرمین ملک رمضان اعوان نے کہا ہے کہ ورکرز پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ انہیں بھرپور اہمیت دی جائے گی اور ان کو پارٹی میں جائز مقام دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما ثمینہ نگہت چغتائی ایڈووکیٹ اور حدیقہ جبین ایڈووکیٹ کو ایوارڈ دینے کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایسی شخصیات قابل فخر ہوتی ہیں۔ ہمیشہ ہر تقریب میں نمایاں نظر آتی ہیں۔ پارٹی کے لیے بھرپور کام کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قربانیاں دینے والے اور قید و بند کی صعبتیں برداشت کرنے والے ورکرز ہماری جماعت کا سرمایہ اور فخر ہیں۔ انہیں بھرپور عزت اور اہم ذمہ داری دلائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے پارٹی ورکرز کو ایوارڈ دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس بجٹ میں عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے گا۔ بہت ساری اسکیمیں شروع کی جا رہی ہیں۔ جس سے ملک وقوم مزید بہتری آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو حکومت کی طرف سے مفت سولر پینل دئیے جائیں گے۔ اس موقع پر ہاشم طارق، ملک جاوید اعوان، سکینہ منیر ایڈووکیٹ، مہناز اسلم ایڈووکیٹ، میاں مظہر ایڈووکیٹ، عفت لودھی ایڈووکیٹ،چوہدری ارشد انصاری ایڈووکیٹ ، شیخ آصف، شہزاد کریم بھٹی، صائمہ کنول . رانا نثار احمد اور دیگر موجود تھے۔