اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیردفاع پرویز خٹک کی تنقید پر کہا کہ اگر مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔ منی بجٹ پر اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ٹیکس منی بجٹ میں ترامیم پر گفتگو ہوئی، ایم کیو ایم کے ارکان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیاء ضروریہ پر ٹیکس نہ لگائیں۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے،  کوئی ایسا اضافی ٹیکس نہیں لگائیں گے جس سے عوام پر بوجھ پڑے۔اجلاس میں وزیراعظم اور پرویز خٹک آمنے سامنے ہوگئے،  پرویز خٹک  تین دفعہ اپنی نشست پر کھڑے ہوئےاور انہوں نے شوکت ترین اور حماد اظہر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حماد اظہر کو گیس اور بجلی کا مسائل کا علم ہی نہیں، شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کرسکے۔ وزیردفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے، آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو منی بجٹ پر ہم آپ کو ووٹ نہیں دے سکیں گے۔