متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام ایڈووکیٹ اطہر شاہ بخاری کے چیمبر ملتان میں عظمت قرآن کانفرنس کا انعقاد
ملتان(صفدربخاری سے)متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام ضلع کچہری ملتان ایڈووکیٹ اطہر شاہ بخاری کے چیمبر میں عظمت قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبد الحق مجاہد نے کہا کہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا وہ لازوال ابدی و آفاقی کلام ہے جو ہر دور کے انسان کی جملہ روحانی ومادی ضروریات کو پورا کرتا ہے،سائنس و ٹیکنالوجی کی تمام تر ترقی کے باوجود کوئی چیز آکسیجن کی متبادل نہیں بن سکتی بالکل اسی طرح قرآن کریم بھی انسان کی روحانی زندگی کی وہ ضرورت ہے جس کا کوئی متبادل نہیں ہے اور کسی بھی دور میں اس کی اہمیت و فادیت کم نہیں ہوسکتی،کوئی بھی شخص صبح اُٹھ کر جب قرآن کریم کی تلاوت اور اس میں تدبر کرتا ہے تو اُسے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کلام آج ہی اس کے آج کے مسائل کے حل کے لیے اُترا ہے۔ایڈووکیٹ اللہ دتہ کاشف بوسن،ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری،ایڈووکیٹ وسیم الدین ممتاز،ایڈووکیٹ محمد ظفر پنیاں،شیخ عبد الحمید سندھو اور ایڈووکیٹ عظیم الحق پیر زادہ نے کہا کہ آج کا دور عالمگیریت کا دور کہلاتا ہے جبکہ قرآن کریم کا پیغام بھی عالم گیر و آفاقی ہے،قرآن انسانیت کو اے لوگو اور اے بنی آدم! کہہ کر مخاطب کرتا ہے جس میں ہر خطے، ہر زبان اور ہر رنگ کے لوگ شامل ہیں، قرآن ہر دور کی کتاب ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا کا ایک مسلمہ یہ ہے کہ دنیا میں نسلی امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔ رنگ، نسل، زبان کی بنیاد پر کسی انسان کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ قرآن کریم نے صدیوں پہلے ہر قسم کے نسلی امتیاز کا قلع قمع کردیا تھا۔الحاج اشرف قریشی،ملک تصور حسین اعوان،ایڈووکیٹ حضیر احمد زبیری،ایڈووکیٹ چوہدری اکرام سندھو،ملک نعیم احمد بھٹی اور قاری محمد یوسف نے کہا کہ قرآن نے آج سے چودہ سو سال پہلے سود ی معیشت کو انسانیت کے لیے زہر قاتل قرار دیا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ قرآن ہر دور کی طرح دورِ حاضر کی بھی سب سے بڑی حقیقت ہے۔ جتنی جلد انسانیت اس حقیقت کو پالے گی، امن و سکون بھی حاصل کرسکے گی۔انہوں نے کہا کہ قرآن تو سب سے بڑا خزانہ ہے اس خزانے کو حاصل کرنے کی کوشش ہوں کیوں نہیں کرتے؟ہمارا ایمان اتنا کمزور ہوگیا ہے کہ ہم اپنے اقرار پر ہی سینہ ٹھونک کر خود کو مسلمان کہتے پھرتے ہیں جبکہ ہمیں مسلمان کی صحیح تعریف کا بھی علم نہیں ایک سچا مسلمان مجسمِ قرآن ہوتا ہے مسلمان اس کو کہتے ہیں جسکو دیکھ کر بس اللہ یاد آئے۔عظمت قرآن کانفرنس کے اختتام پر ملت اسلامیہ کے اتحاد و اتفاق اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی






































Visit Today : 532
Visit Yesterday : 445
This Month : 12183
This Year : 60019
Total Visit : 165007
Hits Today : 4289
Total Hits : 828291
Who's Online : 3




















