ملتان:  کریسنٹ لائنز کلب کی جانب سے عیدالفطر کی خوشیوں میں سب کو شریک کرنے کی ایک خوبصورت کاوش کے تحت ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلیوں میں عید کے نئے کپڑے تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب میں ریلوے کے اعلیٰ افسران، کریسنٹ لائنز کلب کے ممبران نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی ایس ریلوے ذوالفقار علی شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید محض ایک تہوار نہیں بلکہ محبت، یکجہتی اور خوشیوں کو بانٹنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کریسنٹ لائنز کلب کی اس فلاحی سرگرمی کو سراہتے ہوئے کہالائنز کلبز کے ممبران نہ صرف ضرورت مند افراد کی مدد کرتے ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔یہ تقریب نہ صرف مستحق افراد کی مدد کا ایک عملی نمونہ ہے بلکہ ایک یادگار لمحہ بھی ہے جہاں عید کی حقیقی خوشی سب کے ساتھ بانٹنے کا جذبہ نمایاں نظر آرہا ہے۔کریسنٹ لائنز کلب کے سنیئر نائب صدر پروفیسر اعظم حسین نے کہا کہ لا ئنز کلب کے ممبران ہمیشہ ایسے فلاحی اقدامات میں پیش پیش رہیں گے تاکہ معاشرے کے ہر فرد کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا جا سکے۔ تقریب میں عمران خالد، احمد چغتائی، پروفیسر امجد رامے، غلام عباس،افتخار ندیم قادری،ڈی ٹی اُو ریلوے سلمان خالد،پی اے ریلوے رانا تسلیم بھی موجود تھے۔ عید کے نئے کپڑے حاصل کرنے والے کلیوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی، جنہوں نے کریسنٹ لائنزکلب کے اس جذبے کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔