آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والِدہ ماجدہ رضائے الہی سے وفات پا گئیں
اسلام آباد: تئیس رمضان المبارک اور 24 مارچ کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والِدہ ماجدہ رضائے الہی سے وفات پا گئیں ,صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ انہوں نے مرحومہ کے لیے بلند درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں اور مرحومہ کے لیے بلند درجات کی دعا کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی جنرل سید عاصم منیر اور ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ والدین قدرت کا انمول تحفہ ہیں، ان کا بچھڑنا ایک ناقابل تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سید عاصم منیر اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس غمگین موقع پر جنرل سید عاصم منیر اور ان کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کی بلندی درجات کی دعا کی۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ والدہ کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوگوارخاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔






































Visit Today : 11
Visit Yesterday : 581
This Month : 12243
This Year : 60079
Total Visit : 165067
Hits Today : 199
Total Hits : 828996
Who's Online : 5




















