زکوٰۃ کا حقدار کون زکوٰۃ کی اہمیت اور فضیلت

تحریر شاہدہ پیرزادہ شھگی

اسلامی نظامِ حیات میں زکوٰۃ کو ایک بنیادی عبادت اور سماجی فلاحی نظام کا ستون قرار دیا گیا ہے۔ یہ نہ صرف انفرادی روحانی تطہیر کا ذریعہ ہے بلکہ معاشرتی مساوات اور غربت کے خاتمے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ زکوٰۃ کی فرضیت کا حکم قرآن و حدیث میں واضح طور پر دیا گیا ہے اور اس کی اہمیت کو ایمان کے بعد دوسرے اہم ترین ارکان میں شمار کیا گیاہے
قرآنِ مجید میں تقریباً 32 مقامات پر زکوٰۃ کا ذکر آیا ہے، جہاں اسے نماز کے ساتھ جوڑا گیا ہے، جو اس کی غیرمعمولی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
“اور نماز قائم کرو اور زکوٰۃ ادا کرو، اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (البقرہ: 43)
نبی کریمﷺ نے فرمایا
اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدﷺ اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ دینا، رمضان کے روزے رکھنا اور حج ادا کرنا۔(بخاری، مسلم)

یہ احادیث اور قرآن
آیات اس حقیقت کو واضح کرتی ہیں کہ زکوٰۃ محض ایک مالی فریضہ نہیں بلکہ ایک دینی ذمہ داری ہے جس سے بندے کا ایمان مکمل ہوتا ہے۔
قرآنِ مجید میں زکوٰۃ کے مستحقین کی وضاحت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا
زکوٰۃ تو بس ان لوگوں کے لیے ہے جو فقیر ہیں، محتاج ہیں، زکوٰۃ کے کام پر مقرر کیے گئے ہیں، جن کی تالیفِ قلب مقصود ہو، گردنوں کے چھڑانے میں، قرض داروں کی مدد میں، اللہ کی راہ میں اور مسافروں پر۔” (التوبہ: 60)
فقیر جو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہوں
مسکین جو انتہائی غربت کا شکار ہوں اور کھانے پینے کے لیے بھی دوسروں کے محتاج ہوں
زکو ۃ کے عاملین وہ افراد جو زکوة کی جمع و تقسیم پر مامور ہوں
تالیفِ قلب وہ افراد جن کے دل اسلام کی طرف مائل کرنے کے لیے مدد کی جائے
غلاموں کی آزادی جو غلام یا قیدی ہوں، ان کی رہائی میں زکوة دی جا سکتی ہے
قرض دار جو جائز ضرورت کی وجہ سے قرض میں مبتلا ہوں اور اسے چکانے سے قاصر ہوں۔
اللہ کی راہ میں وہ افراد جو دین کی خدمت اور جہاد میں مشغول ہوں۔
مسافرجو سفر میں مالی مشکلات کا شکار ہو جائیں
زکوٰۃ صرف اللہ کی رضا کا ذریعہ ہے بلکہ یہ مال میں برکت، رزق میں کشادگی اور آخرت میں نجات کا بھی سبب بنتی ہے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا
زکوٰۃ تمہارے مال کو پاک کرتی ہے اور اللہ کی راہ میں خرچ کیے گئے مال میں کمی نہیں آتی بلکہ بڑھتا ہے۔” (مسلم)
دوسری طرف، زکوٰۃ نہ دینے پر سخت وعید سنائی گئی ہے۔ قرآن میں فرمایا گیا
جو لوگ سونا چاندی جمع کرتے ہیں اور اسے اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے، انہیں دردناک عذاب کی بشارت دے دو۔ (التوبہ: 34)
غربت اور بھوک کا خاتمہ ہوتا ہے
محتاجوں کی بنیادی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔
سماجی ناانصافی اور طبقاتی فرق کم ہوتا ہے۔انسان میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے دل میں سکون اور برکت آتی ہے
زکو ۃ ایک مالی فریضہ ہی نہیں بلکہ روحانی و سماجی اصلاح کا ذریعہ بھی ہے۔ جو شخص زکوٰۃ ادا کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے مال میں برکت عطا فرماتا ہے، اور جو زکوٰۃ نہیں دیتا، وہ نہ صرف آخرت میں سخت پکڑ کا سامنا کرے گا بلکہ دنیا میں بھی مشکلات میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زکوٰۃ مستحق افراد تک پہنچائیں تاکہ ایک مضبوط، خوشحال اور عادلانہ اسلامی معاشرہ تشکیل پا سکے
اللہ ہمیں زکوٰۃ کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں اس کے حقیقی مقصد کو سمجھنے والا بنائے۔ آمین